لابوبو گڑیا نے راتوں رات کمپنی کو بلین ڈالرز کی مالک بنا دیا

لابوبو گڑیا چین

چین کی ایک کمپنی کی لابوبو نامی گڑیا نے دنیا کو دیوانہ بنا دیا ہے، اور کمپنی راتوں رات بلین ڈالرز کی مالک بن گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق چین کی کھلونا بنانے والی کمپنی پاپ مارٹ کی لابوبو گڑیا نے دنیا کو اپنا گرویدہ بنا لیا ہے، اور دنیا بھر میں اس کے چرچے ہو ر ہے ہیں۔

لابوبو نامی یہ گڑیا بہت تیزی سے دنیا میں مقبول ہوئی ہے، لوگ اسے خریدنے کے لیے باقاعدہ طویل قطاروں میں کھڑے ہوتے ہیں، اور اس کے حصول کے لیے بعض اوقات لڑائی جھگڑوں تک بھی بات پہنچی۔

لابوبو گڑیا کے مداحوں میں صرف عام لوگ ہی شامل نہیں، بلکہ کئی مشہور شخصیات بھی اس کی مداح ہو چکی ہیں، جن میں معروف پاپ امریکی گلوکارہ ریانا، کم کارڈیشین، دعا لیپا، کے-پاپ بینڈ اور بلیک پنک کی گلوکارہ لیزا بھی شامل ہیں، غرض شنگھائی سے لندن تک لوگ اس گڑیا کے دیوانے ہو چکے ہیں۔

یہ گڑیا ایک عفریت کی شکل والا بھتنے جیسی مخلوق ہے جس کی خریداری اس طرح ہو رہی ہے جس طرح سوشل میڈیا پر کوئی ویڈیو وائرل ہو جا تی ہے، حیرت انگیز بات اس گڑیا کی سب سے بڑی یہ خاصیت ہے کہ یہ ’بلائنڈ باکسز‘ میں فروخت ہوتی ہیں، یعنی خریدار کو معلوم نہیں ہوتا کہ باکس کے اندر کون سی گڑیا ہے اور یہی تجسس صارفین کو بار بار انھیں خریدنے پر مجبور کرتا ہے۔

لابوبو گڑیا کی مقبولیت کے باعث اسے بنانے والی کمپنی پاپ مارٹ کے مالک کی دولت میں اتنا اضافہ ہوا ہے کہ وہ چین کے امیر ترین افراد کی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں، کمپنی کے منافع میں اس سے تین گنا اضافہ ہو چکا ہے، پہلے یہ صرف بطور گڑیا دستیاب تھی، تاہم اب اس کے جیولری آئٹمز، بیگز اور شرٹس وغیرہ بھی مارکیٹ میں آ چکے ہیں۔

واضح رہے کہ لابوبو گڑیا ’’دی مونسٹرز‘‘ کی کئی سیریز میں نمودار ہوئی ہے، جیسے کہ ’بگ اِن ٹو انرجی‘، ’ہیو اے سیٹ‘، ’ایکسائٹنگ میکارون‘ اور ’فال ان وائلڈ‘۔