وردی میں ویڈیو بنانا لیڈی کانسٹیبل کو مہنگا پڑ گیا

اسلام آباد میں پولیس وردی میں ٹک ٹاک ویڈیو بنانا لیڈی کانسٹیبل کو مہنگا پڑ گیا۔

اے آ ر وائی نیوز کے مطابق اسلام آباد میں پولیس وردی میں ٹک ٹاک ویڈیو بنانے والی لیڈی کانسٹیبل کو ایس پی ڈولفن کی جانب سے برطرف کردیا گیا۔

انکوائری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ لیڈی کانسٹیبل نے وردی کی توہین کی اور انکوائری کے دوران تسلی بخش جواب دینے میں ناکام رہیں۔

ویڈیو بنانے پر لیڈی کانسٹیبل کو معطل کرکے شوکاز نوٹس دیا گیا تھا تاہم تسلی بخش جواب نہ دینے پر انہیں نوکری سے برطرف کردیا گیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل لاہور میں پولیس وردی میں ٹک ٹاک ویڈیو بنانے پر لیڈی کانسٹیبل کو معطل کردیا گیا تھا۔

لیڈی کانسٹیبل نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا تھا کہ میں نے ٹریننگ کے دنوں میں 8 ماہ قبل ٹک ٹاک ویڈیو بنائی تھی۔

لیڈی کانسٹیبل کا کہنا تھا کہ ٹک ٹاک ویڈیو اپ لوڈ نہیں کرتی صرف موبائل میں محفوظ رکھتی تھی کسی نے میری 8 ماہ پرانی ویڈیو جان بوجھ کر لیک کی۔

لیڈی کانسٹیبل کا کہنا تھا کہ اعلیٰ حکام کو وضاحت پیش کرنے کے لیے تیار ہوں۔

پولیس حکام کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکاروں کے اس طرح کے روئیے برداشت نہیں جو بھی اہلکار ملوث پایا گیا ان کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔