لاہور: چلتی موٹر سائیکل پر شوہر کو دل کا دورہ، میاں بیوی فلائی اوور سے گر کر جاں بحق

لاہور: چلتی موٹر سائیکل پر شوہر کو دل کا دورہ، میاں بیوی فلائی اوور سے گر کر جاں بحق

لاہور: موٹر سائیکل سوار میاں بیوی فلائی اوور سے گر کر جاں بحق ہوگئے ، ابتدائی تحقیقات میں بتایا گیا کہ شہری کو دل کا دورہ پڑا اور موٹر سائیکل بے قابو ہو کر باؤنڈر وال سے ٹکرا گئی۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں ایک دلخراش واقعے پیش آیا، جہاں موٹرسائیکل سوار میاں بیوی اکبر چوک فلائی اوور سے گر کر جاں بحق ہو گئے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ 65 سالہ شیخ افضل اور ان کی 60 سالہ اہلیہ عابدہ نور اقبال ٹاؤن سے فیروز پور روڈ پر واقع اپنی رہائش گاہ جا رہے تھے جب یہ سانحہ پیش آیا۔

حادثے کی ابتدائی اطلاعات کے مطابق فلائی اوور سے اترتے ہوئے شیخ افضل کو دل کا دورہ پڑا، جس کے باعث وہ موٹرسائیکل پر قابو نہ رکھ سکے اور تیز رفتاری کے باعث موٹرسائیکل باؤنڈری وال سے ٹکرا گئی ، جس سے دونوں میاں بیوی فلائی اوور سے نیچے گر گئے۔

عابدہ نور موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں، جبکہ شیخ افضل کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ جانبر نہ ہو سکے۔

مزید پڑھیں : ٹریفک حادثات میں میاں، بیوی اور بیٹی سمیت 6 جاں بحق

دونوں میاں بیوی اقبال ٹاؤن میں واقع اپنے گھر واپس جا رہے تھے تاہم اہل خانہ نے غم کی حالت میں کسی بھی قانونی کارروائی سے انکار کر دیا ہے۔

پولیس نے جائے حادثہ کا معائنہ کر کے ابتدائی رپورٹ تیار کر لی ہے، جبکہ لاشیں ورثا کے حوالے کر دی گئی ہیں۔

ادھر لاہور کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے دیگر ٹریفک حادثات میں مزید پانچ افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔ شاہکام فلائی اوور پر ایک کار کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار ہلاک اور دو افراد زخمی ہو گئے۔