لاہور : ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے مرغی کا گوشت خریدنے والے شہریوں کو خبردار کردیا اور کہا پہلے سے ذبح شدہ گوشت خریدنے سے گریز کریں۔
تفصیلات کے مطابق ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کی ہدایت پر لاہور بھر میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ملاوٹ مافیا کے خلاف بھرپور کارروائی کرتے ہوئے گوشت کی دکانوں اور سپلائرز کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا۔
ترجمان فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں 42 میٹ شاپس اور گوشت سپلائرز کی چیکنگ کی گئی، جن میں سے 2 کے خلاف مقدمات درج کیے گئے، جبکہ 2 پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔
کارروائی کے دوران 65 ہزار کلو گوشت کی چیکنگ کی گئی، جن میں سے 1610 کلو ناقص گوشت اور مردہ مرغیاں تلف کر دی گئیں۔
شیرشاہ کے علاقے میں ایک گاڑی سے مردہ مرغیاں برآمد ہوئیں، جنہیں موقع پر ہی تلف کر دیا گیا، فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے ملزم کو موقع پر گرفتار کر کے اس کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔
مزید پڑھیں : فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹس کو سپلائی کیا جانیوالا مردہ مرغیوں کا گوشت پکڑا گیا
ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے کہا کہ متعدد دکانوں میں صفائی کے ناقص انتظامات دیکھنے میں آئے اور ملازمین کے میڈیکل سرٹیفکیٹس بھی موجود نہیں تھے، جو فوڈ سیفٹی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ بیمار یا مردہ مرغیاں سپلائی کرنا ایک سنگین جرم ہے اور اس گھناؤنے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی معیار کے مطابق گوشت کی تیاری اور ترسیل کے نظام پر کام جاری ہے، اور جعلساز مافیا کے خاتمے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پہلے سے ذبح شدہ گوشت خریدنے سے گریز کریں اور مرغی ہمیشہ اپنی آنکھوں کے سامنے ذبح کروائیں تاکہ محفوظ اور حلال گوشت کا حصول یقینی بنایا جا سکے۔