لاہور اسموگ سے آفت زدہ علاقہ قرار‌‌

لاہور: اسموگ کی وجہ سے لاہور کو آفت زدہ علاقہ قرار‌‌ دے دیا گیا، عدالت نے  اسموگ ایمرجنسی کےنفاذ اورفصلوں کی باقیات جلانے سے روکنے کے اقدامات کی رپورٹ طلب کرلی۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے اسموگ کیس کی سماعت کی ، جس میں لاہور کو اسموگ سے آفت زدہ علاقہ قرار دینے کا نوٹیفکیشن پیش کیا گیا، پنجاب ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی نےنوٹیفکیشن جاری کیا۔

نوٹیفکیشن میں اسموگ کےتدارک کے لیے کیے جانے والےاقدامات کا بھی تذکرہ کیا گیا ہے۔

سیکرٹری ماحولیات کی جانب سےعدالت کو بتایا گیا کہ اسموگ کے خاتمے کےلئے بارہ سو صنعتی یونٹس بند کئے گئے ہیں اور دن کے اوقات میں صنعتی یونٹس کوکنٹرول کرلیا گیا ہے۔

محکمہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ پنجاب کی جانب سے رپورٹ جمع کراتے ہوئے بتایا گیا کہ لاہور کوآفت زدہ قرار دے دیا گیا۔

عدالت کو بتایا گیا کہ اسموگ کی مانیٹرنگ کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں ہیں، جس پر عدالت نے کہاکہ صنعتیں دن کو چلیں یارات کو عدالت کو سروکار نہیں، عدالت کو اسموگ کے تدارک کے اقدمات سے سروکار ہے۔

جسٹس شاہد کریم کا کہنا تھا کہ عدالت کو یقین ہے سیکرٹری ماحولیات نےکوئی ایک رپورٹ ایسی نہیں بنائی ہوگی جو سیلاب کی تباہ کاروں کے بعد پلاننگ سے متعلق ہو، عدالت سیکرٹری ماحولیات کی پیش کردہ رپورٹ کی تصدیق کرائے گی۔

عدالت نے ریمارکس دئیے وہ چیف سیکرٹری بھی دیکھیں ہیں جن کےکمرے میں جاتے ہوئے وزیراعلی دو مرتبہ سوچتے تھے، اب تو حال یہ ہے کہ بیوروکریٹس نے خود کو بہت نیچے کرلیا ہے اگر چیف سیکرٹری چاہے تو بارہ گھنٹے میں سب ٹھیک ہوسکتا ہے۔

چار سالوں سے اسموگ کا کیس چل رہاہے کسی کو کوئی پروا نہیں، جب بھی کسی سیکرٹری سے کارکردگی کا پوچھا جاتا ہے ہےتو ان کارٹارٹایا جملہ ہمیں سیاسی دباو کاسامنا ہے، بیوروکریٹس کو سیاسی دباو کی باتیں کرنے کی بجائے معاملات کو قانون کےمطابق دیکھنا چاہئیے۔

بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت 11اکتوبر تک ملتوی کردی۔