لاہور: انسداد دہشت گردی نے ڈیفنس میں چھ افراد کی ہلاکت کیس کے ملزم کو مزید پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت میں ڈیفنس میں 6افراد کی ہلاکت کے کیس کی سماعت ہوئی، انسداد دہشت گردی عدالت کی جج عبہر گل خان نے سماعت کی۔
پولیس نے ملزم کو پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ کے بعد پیش کیا، تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کا فوٹو گرامیٹک ٹسٹ کروانا ہے اس کے علاوہ پولی گرافک ٹسٹ بھی ہونا ہے جو ملزم کے بیان کے سچ جھوٹ کو چیک کرے ۔ ملزم کی عمر سترہ سال غلط بتاٸی جا رہی ہے لہذا اس کی عمر کے تعین کے لیے بھی ٹسٹ ہونا ہے۔
تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ ملزم افنان نے ہلاک ہونے والے افراد سے تلخ کلامی بھی کی تھی۔ ملزم نے اپنے دو ساتھیوں کے ہمراہ گاڑی میں بیٹھی خواتین سے چھیڑ چھاڑ کی جس کی وجہ سے تلخ کلامی ہوٸی ۔ ملزم جس رفتار سے گاڑی چلا رہا تھا اس کا تعین ہونا ضروری ہے لہذا جسمانی ریمانڈ دیا جاٸے۔
ملزم کے وکیل نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوٸے کہا کہ دہشت گردی کی دفعات غلط شامل کی گٸی ہیں لہذا عدالت جسمانی ریمانڈ نہ دے۔
عدالت نے دلاٸل کے بعد ملزم کے جسمانی ریمانذ میں پانچ روز کی توسیع کر دی ۔ عدالت نے آٸندہ سماعت پر تفتیشی افسر سے رپورٹ طلب کر لی۔