لاہور: وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب بلال اکبر نے لاہور میں الیکٹرک بسیں چلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ دسمبر تک 27 الیکٹرک بسیں سڑکوں پر ہوں گی۔
ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی ظہیر اقبال چنڑ کی زیرِ صدارت اجلاس میں صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ نے بتایا کہ لاہور کے مختلف اضلاع میں دیگر ہائبرڈ بسیں بھی چلائی جائیں گی۔
بلال اکبر نے کہا کہ پنجاب کے بڑے شہروں میں پبلک ٹرانسپورٹ کا نظام متعارف کروایا گیا، باقی شہروں میں بھی سرکاری بسوں پر لاہور جیسی ہی سبسڈی ہے۔
اجلاس میں سنی اتحاد کونسل کے رکن اسمبلی مشتاق احمد نے راولپنڈی میں بسوں کے فقدان پر وزیر ٹرانسپورٹ پر تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ بسوں کا تمام پیسہ صرف لاہور پر ہی خرچ کیا جا رہا ہے جبکہ باقی تمام شہر ٹرانسپورٹ کی سہولت سے محروم ہیں۔
مشتاق احمد نے کہا کہ صوبائی فنانس ایوارڈ کا تمام پیسہ بھی لاہور پر خرچ کیا جا رہا ہے، چھوٹے علاقوں میں محرومیت کا احساس بڑھتا جا رہا ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی رانا آفتاب احمد نے کہا کہ لاہور سمیت تمام بڑے شہروں میں ٹریفک جام رہتا ہے، یہ بسیں کن سڑکوں پر چلائیں گے جہاں ٹریفک کے مسائل ہیں۔
رانا آفتاب احمد نے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کا نظام ختم ہوگیا آئے روز حادثات ہوتے ہیں۔