الیکٹرک ٹرام کہاں سے کہاں تک چلائی جائے گی ؟ روٹس سامنے آگئے

الیکٹرک ٹرام کے روٹس سامنے آگئے ،

لاہور : الیکٹرک ٹرام کے روٹس سامنے آگئے ، ہربنس پورہ سے ٹھوکر نیاز بیگ تک ٹرام چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت شہر میں جدید اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ متعارف کرانے کے لیے الیکٹرک ٹرام کا آغاز کرنے جارہی ہے۔

پہلے مرحلے میں ٹرام ہربنس پورہ سے ٹھوکر نیاز بیگ تک چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ٹریفک میں رکاوٹ کم سے کم رکھنے کے لیے ٹرام روٹ کینال روڈ کے انتہائی بائیں جانب بنایا جائے گا جبکہ مسافروں کی آسانی کے لیے بس اسٹاپس کے قریب سڑک کی توسیع کی جائے گی۔

ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانے کے لیے کینال روڈ کے انڈرپاسز کو سنگل لین میں ضم کرنے اور جیل روڈ انڈرپاس کو بائیں سے دائیں جانب منتقل کرنے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔

چین سے درآمد کی گئی یہ برقی ٹرام تین یونٹس پر مشتمل ہوگی جو مکمل طور پر بجلی سے چلتی ہے۔ ٹرام 10 منٹ کی چارجنگ پر 25 سے 27 کلومیٹر تک کا سفر طے کر سکتی ہے اور اس میں 250 مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی۔

پائلٹ پراجیکٹ کے تحت اس ٹرام کا تجرباتی آغاز لاہور ایئرپورٹ کے قریب کیا جاچکا ہے۔

مزید پڑھیں : وزیر اعلیٰ پنجاب کا پہلی اربن الیکٹرک ٹرین "سپر اٹانومس ریپڈٹرانزٹ” میں تجرباتی سفر

سروس کے مکمل آغاز پر کرایہ طے کیا جائے گا جبکہ جالو سے ہربنس پورہ تک زیرِ زمین سڑک بنانے کا منصوبہ بھی تیار کیا جارہا ہے تاکہ شہر میں رابطہ مزید بہتر ہوسکے۔

محکمہ ٹرانسپورٹ ٹرام روٹ اور منصوبے کی مجموعی فزیبلٹی کا جائزہ لے رہا ہے۔ حکام کے مطابق یہ منصوبہ لاہور میں پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور پائیدار شہری ٹرانسپورٹ کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

دشمن بھی مانتے ہیں مریم نواز کام کررہی ہیں، اداکارہ ریشم