لاہور: پنجاب کے صوبائی دارالحکومت میں طوفانی بارش برس گئی ہے، جس پر ریسکیو پنجاب ہائی الرٹ ہو گیا ہے، دوسری طرف جڑواں شہروں میں بھی موسلادھار بارش جاری ہے۔
ترجمان ریسکیو پنجاب نے کہا ہے کہ لاہور میں بارش کے پیش نظر ریسکیو ٹیموں کو ہنگامی الرٹ پر رکھا گیا ہے، عوام نشیبی علاقوں میں جانے سے گریز کریں، اور الیکٹرک پولز، کھلے بورڈز اور سوئچز کو ہاتھ نہ لگائیں، بارش کے باعث پھسلن سے حادثات کا خدشہ ہے اس لیے شہری احتیاط کریں، اور کسی بھی ایمرجنسی میں فوری طور پر 1122 پر رابطہ کریں۔
ترجمان موٹر وے پولیس نے بھی ایک بیان میں کہا ہے کہ سینٹرل ریجن کے مختلف مقامات پر موسلا دھار بارش جاری ہے، موٹر وے ایم 2 پر لاہور سے کوٹ مومن تک بارش ہوئی، لاہور سیالکوٹ موٹر وے، موٹر وے ایم 3 پر فیض پور سے سمندری تک بارش ہوئی۔
ترجمان سید عمران احمد نے کہا موٹر وے پولیس سفر کو محفوظ بنانے کے لیے ہر وقت موجود ہے، بارش کے دوران محتاط ڈرائیونگ کریں، رفتار کم رکھیں، اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں، وائیپر، لائٹس اور بریکس کو چیک کریں، اور سفر سے قبل گاڑی کی مکمل جانچ کریں، نیز غیر ضروری سفر سے بھی گریز کریں، خاص طور پر شدید بارش میں، اور معلومات یا مدد کے لیے ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کریں۔
25 جولائی تک مون سون بارشوں سے کیا ممکنہ خطرات ہیں؟ نشان دہی کر دی گئی
لاہور شہر میں موسلادھار بارش کے بعد نکاسی آب کے لیے بھی ہنگامی اقدامات کیے جا رہے ہیں، کمشنر زید بن مقصود نے تمام اداروں واسا، ایل ڈی اے، سی بی ڈی، ٹریفک پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو فوری فیلڈ میں متحرک ہونے کی ہدایت کی ہے، انھوں نے کہا نکاسئ آب پر مامور ایمرجنسی ٹیمیں سورنگ پوائنٹس پر فوری ردعمل دیں، اور شہر کے تمام نشیبی علاقوں اور مین روڈز پر نکاسی آب یقینی بنائی جائے۔
دوسری طرف راولپنڈی اسلام آباد اور گرد و نواح میں وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، جڑواں شہروں میں اب تک مجموعی طور پر 46 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق سیدپور میں 49، گولڑہ 71، بوکڑہ میں 33 ملی میٹر، پی ایم ڈی گیجنگ اسٹیشن پر 18، شمس آباد 14، کچہری 54، پیر ودھائی 49، گوالمنڈی 32، کٹاریاں 26 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔