لاہور: ہائیکورٹ نے سینئراینکرز کے ٹی وی شوزمیں بطورمہمان شرکت پر پابندی سے متعلق پیمرا کے ہدایت نامے پر عمل درآمد روکتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق سینئراینکرزکےٹی وی شوزمیں بطورمہمان شرکت پر پابندی کے خلاف درخواست کی لاہور ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی، جسٹس شاہد وحید نے درخواست پر سماعت کی۔
درخواست میں وفاقی وزارت اطلاعات و نشریات اور پیمرا کو فریق بنایا گیا ہے، درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ پیمرا نےصحافیوں کی ٹی وی شوز میں شرکت پر پابندی عائد کی اور اینکرز پرشوزکیلئےمرضی کے مہمان بلانے پر بھی پابندی لگائی گئی۔
درخواست کے مطابق پیمرا نےصحافیوں کو ٹی وی شوز میں رائے دینےسے بھی روک دیا ہے جب کہ پیمرا کی پابندی آئین کے آرٹیکل 19 کی خلاف ورزی ہے اور پیمرا کا ہدایت نامہ آئین کے آرٹیکل 9 سے متصادم ہے۔
یہ بھی پڑھیں: میڈیا توہین عدالت کیس میں چیئرمین پیمرا کو توہین عدالت کا نوٹس جاری
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ حتمی فیصلے تک پیمرا کا ہدایت نامہ معطل کیا جائے اور صحافیوں کے ٹی وی پروگرامز میں شرکت پرپابندی کالعدم قراردی جائے۔
عدالت نےموقف سننے کے بعد ابتدائی طور پر سینئراینکرزکے ٹی وی شوزمیں بطورمہمان شرکت پرپابندی سے متعلق پیمرا کے ہدایت نامے پر عمل درآمد روکنے کے احکامات جاری کردیے اور فریقین کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرلیا۔
واضح رہے کہ میڈیا توہین عدالت کیس میں گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پیمرا کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کرتےہوئے جواب طلب کرلیا تھا۔