لاہور: شرپسندوں کی پولیس پر فائرنگ، ایک اہلکار شہید

لاہور کے علاقے اسلام پورہ میں ساندہ روڈ کے قریب فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔

پولیس کے مطابق گشت پر مامور اہلکاروں نے مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش کی، جس پر ملزمان نے اہلکاروں پر فائرنگ کردی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ سینے پر گولی لگنے سے کانسٹیبل ارشد شدید زخمی ہوگیا، زخمی کانسٹیبل کو اسپتال لے جایا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں دم توڑ گیا۔

دوسری جانب آئی جی پبجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او سے رپورٹ طلب کرلی، ساتھ ہی آئی جی پنجاب نے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیدیا۔

آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ کانسٹیبل ارشدکی لازوال قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، شہید کانسٹیبل کے اہل خانہ کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔