لاہورپولیس کا آن لائن ٹیکسی کمپنی کے منیجر پر بہیمانہ تشدد

لاہور: پنجاب پولیس نے آن لائن ٹیکسی کمپنی کے منیجر کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق پولیس آن لائن ٹیکسی کے دفتر میں معلومات لینے پہنچی، کمپنی منیجر نے قواعد کے مطابق تھانیدار سے تحریری درخواست طلب کی تو تھانیدار طیش میں آگیا اور کمپنی منیجر کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔

[bs-quote quote=”رمشا نامی لڑکی کے اغوا میں آن لائن ٹیکسی استعمال ہوئی تھی، تحقیقات کے لیے کمپنی منیجر کو تھانے لایا گیا تھا” style=”style-6″ align=”left” author_name=”پولیس کا موقف”][/bs-quote]

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پولیس منیجر کو پکڑ کر موبائل میں تشدد کا نشانہ بنا رہی ہے جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

نمائندہ اے آر وائی نیوز بابر خان کے مطابق آن لائن ٹیکسی منیجر نے پولیس کو کہا کہ قواعد کے مطابق تحریری درخواست دیں جس پر تھانیدار غصے میں آگئے اور سرعام منیجر کو اٹھا کر وین میں ڈالا مغلظات بکیں اور خوف کی وجہ سے کوئی شہری اس کی مدد کو نہ آیا۔

دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ رمشا نامی لڑکی کے اغوا میں آن لائن ٹیکسی استعمال ہوئی تھی، تحقیقات کے لیے کمپنی منیجر کو تھانے لایا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق کمپنی منیجر کو پوچھ گچھ کے بعد قانونی چارہ جوئی کے بغیر رہا کیا گیا، رمشا کے اغوا کے معاملے کا عدلیہ نے بھی نوٹس لیا تھا۔

مزید پڑھیں: کراچی، آن لائن موٹر سائیکل سروس پر سفر کرنے والے شہری سے لوٹ مار

ترجمان پولیس کے مطابق ایس پی انویسٹی گیشن معاملے کی انکوائری کررہے ہیں، انکوائری رپورٹ کے بعد ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔