لاہور : جوہر ٹاؤن میں نجی یونیورسٹی کے پروفیسر کی لاش برآمد ہوئی تاہم پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن کے ایک گھر سے نجی یونیورسٹی کے پروفیسر کی پھندا لگی لاش ملی ہے۔ پولیس کے مطابق متوفی کی شناخت 35 سالہ محمد رضوان کے نام سے ہوئی ہے جو ایک نجی یونیورسٹی میں پروفیسر تھے۔
پولیس نے موقع سے شواہد اکٹھے کر کے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے اور قتل یا خودکشی سمیت تمام امکانات کو مدنظر رکھا جا رہا ہے۔
یاد رہے گذشتہ ماہ کراچی کے علاقے نیو کراچی سیکٹر فائیو جی میں واقع خضراء مسجد کے قریب ایک گھر سے 27 سالہ شخص کی لاش برآمد ہوئی تھی۔
پولیس حکام کا کہنا تھا کہ متوفی کی شناخت محمد حسین کے نام سے ہوئی ہے، حسین اپنے چھوٹے بھائی سلمان کے ساتھ کرائے کے مکان میں رہائش پذیر تھا۔
سلمان نے بیان دیا ہے کہ صبح کام پر جاتے وقت بھائی حسین گھر میں سورہا تھا، جب شام کو کام سے واپس آیا تو حسین کی لاش کمرے میں پڑی ملی، حسین پان کا ٹھیہ لگاتا تھا اور غیر شادی شدہ تھا۔