اسکول دوبارہ کھلنے کے حوالے سے اہم خبر

اسکول لاہور

لاہور (31 اگست 2025): ڈپٹی کمشنر لاہور نے نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں تعلیمی سرگرمیاں یکم ستمبر سے بحال ہو جائیں گی۔

تفصیلات کے مطابق شدید بارشوں اور سیلاب کے بعد لاہور میں اسکول دوبارہ کھل رہے ہیں، ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تمام اسکول یکم ستمبر سے دوبارہ کھل جائیں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے اسکول اور ریلیف کیمپس بدستور بند رہیں گے، والدین اور طلبہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اسکول انتظامیہ سے رابطے میں رہیں۔

ضلعی انتظامیہ نے کہا ہے کہ تمام اسکول محکمہ تعلیم کی ہدایات پر عمل درآمد کے پابند ہوں گے۔

تعلیمی ادارے 5 ستمبر تک بند رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری

واضح رہے کہ آج بھی لاہور اور گرد و نواح میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے، جب کہ محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

پنجاب کے سیلاب متاثرہ اضلاع میں طوفانی بارشیں ہو رہی ہیں، آج دن بھر وقفے وقفے سے بارش کی پیشگوئی ہے، قصور اور اوکاڑہ میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے، ننکانہ صاحب میں بارش سے گلیاں بازار تالاب کا منظر پیش کرنے لگے ہیں۔ ننکانہ کے نواحی گاؤں میں مکان کی چھت گرنے سے خاتون اور دو بچیاں جاں بحق ہو گئیں جب کہ تین افراد زخمی ہو گئے، ملکوال میں شدید بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے 9 ماہ کا بچہ جاں بحق دو افراد زخمی ہو گئے ہیں۔