لاہور: پنجاب کے شہر لاہور میں ہینڈ فری لگا کر ریلوے ٹریک پر چلنے والا شخص جاں بحق ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے کوٹ لکھپت میں ہینڈ فری لگا کر ریلوے ٹریک پر چلنے والا شخص زندگی کی بازی ہار گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق شخص کی شناخت کرامت کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق کرامت موبائل فون پر ہینڈ فری لگائے ریلوے ٹریک پر چل رہا تھا اس دوران اسے پیچھے سے آنے والی ٹرین کا پتا نہ چل سکا اور وہ ٹرین کی زد میں آکر جاں بحق ہوگیا۔
مزید پڑھیں: سرگودھا میں ٹرین حادثہ ، اسسٹنٹ ڈرائیور جاں بحق
واضح رہے کہ 9 دسمبر کو سرگودھا میں ٹرین بجری سے بھرے ڈمپر سے ٹکرائی گئی تھی جس کے نتیجے میں اسسٹنٹ ڈرائیور محمد وسیم موقع پر جاں بحق ہوگیا تھا۔
یاد رہے گذشتہ سال نومبر میں کراچی کے کینٹ اسٹیشن پر تیزگام کی بوگیاں پٹری سے اتر گئی تھیں، جس کے باعث ٹرین آپریشن معطل ہوگیا، واقعے میں عملے کے افراد یا مسافروں میں کوئی زخمی نہیں ہوا تھا۔
خیال رہے کہ دو سال قبل پتوکی میں ہینڈ فری لگا کر ریلوے ٹریک پر چلنے والا 18 سالہ اجمل علی ٹرین کی زد میں آکر جاں بحق ہوگیا تھا۔