سی ٹی ڈی بنوں اور پولیس کی کارروائی ، خطرناک دہشت گرد مارا گیا

لکی مروت

لکی مروت : سی ٹی ڈی بنوں اور پولیس نے مشترکہ کامیاب کارروائی کرتے ہوئے خطرناک دہشت گرد مولوی غلام کو ہلاک کردیا۔

تفصیلات کے مطابق لکی مروت میں دہشت گردوں کے خلاف سی ٹی ڈی بنوں اورپولیس کی مشترکہ کامیاب کارروائی میں خطرناک دہشت گرد مولوی غلام مارا گیا، جس کےسرکی قیمت پچاس لاکھ روپے مقرر تھی۔

مشترکہ کارروائی ناڑ سلطان محمود گاؤں تحصیل نورنگ میں خفیہ اطلاع پر کی گئی، لگ بھگ نوے منٹ تک شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ مولوی غلام دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ، اور بھتہ خوری کے متعدد مقدمات میں مطلوب تھا۔

پولیس نے بتایا کہ محکمہ داخلہ خیبرپختونخوا نے اس کی گرفتاری کے لیے پچاس لاکھ روپے انعام کا اعلان کررکھا تھا۔

پولیس کے مطابق ہلاک دہشتگرد کے قبضہ سےسب مشین گن،میگزین،دستی بم اور دیگر اشیا برآمد ہوئیں۔