لاہور میں وزارت سائنس کی اربوں کی زمین پر قبضہ کیا گیا ہے: فواد چوہدری

لاہور: وفاقی وزیر سائنس اور ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وزارت سائنس کی زمینوں کا جائزہ لینے پر معلوم ہوا ہے کہ صرف لاہور میں اربوں روپے کی زمین پر قبضہ مافیا کا راج ہے۔

تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری نے ٹویٹر پر کہا ہے کہ آج جائزہ لیا تو معلوم ہوا کہ صرف لاہور میں وزارت سائنس کی اربوں روپے کی زمین پر قبضہ کیا جا چکا ہے۔

انھوں نے کہا کہ وزارت سائنس کی زمین کو واگزار کرایا جائے گا، سرکاری زمین پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا بھی فیصلہ کر لیا ہے۔

انھوں نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ لاہور میں ایک شان دار سائنس میوزیم بنایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:  رویت ہلال کمیٹی زبردستی عید نہیں کراسکتی، ان کا کام سفارشات دینا ہے، فواد چوہدری

خیال رہے کہ ان دنوں وزیر سائنس اور ٹیکنالوجی فواد چوہدری چاند دیکھنے کے سلسلے میں بیانات دے کر خبروں میں نمایاں ہیں، اس حوالے سے رویت ہلال کمیٹی کے ساتھ ان کا تنازع چل رہا ہے۔

انھوں نے چند دن قبل کہا تھا کہ وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا ایک مؤقف ہے جو سامنے رکھ دیا ہے، رویت ہلال کمیٹی زبردستی عید نہیں کرا سکتی، ان کا کام سفارشات دینا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ وفاقی کابینہ اور وزیراعظم آفس کو قمری کیلنڈر بھیج دیا ہے، حکومت ایکشن نہ لے اور گائیڈ نہ کرے تو قوم تقسیم ہوجائے گی، معاشرے میں تقسیم پر حکومت لوگوں کو اکٹھا نہ کرسکے تو یہ نقصان ہوگا۔