سیما حیدر کا سچن کی پڑوسن کیخلاف قانونی کارروائی کا اعلان

سیما حیدر کا سچن کی پڑوسن کیخلاف قانونی کارروائی کا اعلان

محبت کے حصول کیلیے پاکستان سے بھارت جانے والی سیما حیدر نے شوہر سچن کی پڑوسن متھلیش بھاٹی کے خلاف قانونی جنگ لڑنے کا اعلان کر دیا۔

سوشل میڈیا پر متھلیش بھاٹی کا ایک مختصر ویڈیو کلپ کئی روز سے زیرِ بحث بنا ہوا ہے جس میں وہ سچن کو ’لپو سا سچن‘ اور ’جھینگر سا لڑکا‘ کہہ رہی ہیں۔ ان کو بالکل بھی اندازہ نہیں تھا کہ اِن الفاظ کی وجہ سے وہ دنیا بھر میں مشہور ہو جائیں گی۔

مختصر انٹرویو کے وائرل ہونے کا اندازہ اس بات سے بھی بخوبی لگایا جا سکتا ہے کہ بھارتی موسیقار یش راج مکھاٹے نے ان الفاظ پر مشتمل گانا بھی بنا کر جاری کر دیا۔

اب سیما حیدر کے وکیل اے پی سنگھ کا ایک بیان سامنے آیا ہے جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ متھلیش بھاٹی نے نہ صرف سچن بلکہ ہر شوہر کی بے عزتی کی، ہم ان کے خلاف قانونی کارروائی کی تیاری کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں کسی کی رنگت اور جسمانی صفات کی بنیاد پر توہین برداشت نہیں کی جائے گی۔

ادھر متھلیش بھاٹی نے اس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ میں نے کسی کی بے عزتی یا توہین نہیں کی، میں اُس وقت غصے میں تھی اور غصے میں ایسے الفاظ نکل جاتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’لپو‘ اور ’جھینگر‘ جیسے الفاظ کا استعمال ہمارے یہاں عام ہے، کچھ لوگ مجھے ’لپی’ پکارتے ہیں تو کیا اس کا مطلب میں ’لپی‘ ہوگئی؟