لاڑکانہ: گاؤں نائچ میں گزشتہ رات بچوں کے معمولی جھگڑے کے دوران 2 گروپوں میں تصادم کے نتیجے میں باپ بیٹے سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ میں بچوں کی معمولی بات پر جھگڑے کے نتیجے میں ہونے والی فائرنگ سے باپ بیٹے سمیت چار افراد قتل کر دیے گئے ہیں، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
لاڑکانہ پولیس کے مطابق رشید وگن تھانہ کی حدود گاؤں نائچ میں گزشتہ رات بچوں کی معمولی بات پر جتوئی برادری کے دو فریقین کے درمیان شروع ہونے والے جھگڑے میں فائرنگ کے نتیجے میں باپ بیٹے سمیت چار افراد قتل کر دیے گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق قتل ہونے والوں میں والد شمن، بیٹا شوکت، علی حسن اور علی اکبر جتوئی شامل ہیں، واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر طلب کر لی گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے بعد ایک ملزم وقار جتوئی کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ہے، پولیس نے لاشوں اور زخمی کو چانڈکا اسپتال منتقل کر کے ضابطے کی کارروائی شروع کر دی ہے۔