وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر ’’صحت مند غذا تندرستی سدا‘‘ مہم کا پورے پاکستان میں اجرا کیا جا رہا ہے، ہر ریسٹورنٹ کھانوں کی مکمل کیلوریز سے صارف کو آگاہ کرے گا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم پاکستان نے کہا ہے کہ میری ہدایت پر ’’صحت مند غذا تندرستی سدا‘‘ مہم کا پورے پاکستان میں آغاز کیا جا رہا ہے، اس مہم کے تحت ہر ریسٹورنٹ کو کھانوں کی مکمل کیلوریز کے بارے میں صارف کو آگاہ کرنا ہوگا۔
وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ عوام کی اچھی صحت کا صاف اور صحت مند خوراک سے گہرا تعلق ہے، یہ عوام کا حق ہے کہ انھیں معلوم ہو کہ ان کو فراہم کردہ خوراک میں کیا اجزا شامل ہیں۔
انھوں نے کہا کہ عوام کا حق ہے کہ بہتر اور شفاف معلومات کی بنا پر اپنی خوراک کا انتخاب کر سکیں، ٹرانس فیٹ ایسڈ کو بھی 2 فیصد تک محدود کیا جا رہا ہے تاکہ دل و دیگر بیماریوں کا سد باب کیا جا سکے۔
شہباز شریف کے مطابق کھانے پینے کی پیک اشیا پر ڈبلیو ایچ او کی سفارش کردہ تجاویز پرغذائیت کے حوالے سے معلومات شائع کی جائیں گی۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ اس مہم کو میرا اسٹریٹجک ریفارمز یونٹ تمام صوبوں کی فوڈ اتھارٹیز سےمل کر پھیلا رہا ہے۔