لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی میں یوم تشکر پر پرچم کشائی کی شاندار تقریب

لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی میں یوم تشکر پر پرچم کشائی کی شاندار تقریب

لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی (ایل سی ڈبلیو یو) میں یوم تشکر کی مناسبت سے پرچم کشائی کی شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

پرچم کشائی کی پروقار تقریب آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی اور افواجِ پاکستان کی بہادری کے اعتراف میں منعقد کی گئی۔ ائیر وائس مارشل (ر) ساجد حبیب تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے جنہوں نے افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قوم کے جذبے کو سراہا۔

یہ بھی پڑھیں: معرکہ حق میں تاریخی فتح، آج ملک بھر میں یوم تشکر منایا جا رہا ہے

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عظمیٰ قریشی نے پرچم کشائی کی تقریب کا آغاز کیا۔ طلبہ، اساتذہ اور عملے کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کیا۔

اظہارِ خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر عظمیٰ قریشی نے کہا کہ پوری قوم افواجِ پاکستان کی تاریخی فتح پر شکر گزار ہے۔

تقریب میں پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے گونجتے رہے، شرکاء نے افواجِ پاکستان کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا، تقریب کا اختتام ملک و قوم کے اتحاد، استحکام اور خطے میں امن کی دعاؤں سے ہوا۔

معرکہ حق میں تاریخی فتح پر ملک بھر میں آج یوم تشکر منایا جا رہا ہے، افواج پاکستان اور پاکستانی عوام کو خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں 31، صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی، دن کا آغاز ملکی سلامتی اور امن واستحکام کیلئے خصوصی دعاؤں سے کیا گیا۔ اس موقع پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے کی جانب سے نعرہ تکبیر بلند کیا گیا اور جوانوں نے پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔