دنیائے فٹبال کے شہنشاہ اور لیجنڈری فٹبالر پیلے کی میت کو سانتوس اسٹیڈیم سے آخری آرام گاہ منتقل کردیا گیا تدفین آج ہوگی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق دنیائے فٹبال کے شہنشاہ اور برازیل کے لیجندڑی فٹبالر آنجہانی کی آخری رسومات ان کے گھر ادا کی گئیں۔ ان کی میت کو جلوس کے ساتھ سانتوس اسٹیڈیم سے آخری آرام گاہ منتقل کیا گیا جہاں آن کی آج تدفین ہوگی۔
عظیم فٹبالر کو الوداع کہنے اور آخری جھلک دیکھنے کے لیے مداحوں کا سمندر سڑکوں پر امڈ آیا، اس موقع پر ہر آنکھ اشکبار تھی۔ سانتوس میں پیلےکی میت فائرانجن پر رکھ کر اسٹیڈیم سے لائی گئی، کسی نے برازیل کے قومی پرچم لہرائے تو کسی نے نمناک آنکھوں سے دعائیں کیں۔ فینز نے ڈرم اور تالیاں بجا کر کنگ آف فٹبال کو خراج عقیدت پیش کیا۔
پیلے کی آخری رسومات میں برازیل کے صدر لولا کے علاوہ فیفا کے صدر نے بھی شرکت کی۔ تاہم فینز نے سپر اسٹار رونالڈو، رونالڈینہو، روماریو، کاکا اور نیمار کے شرکت نہ کرنے پر مایوسی کا اظہار کیا۔
برازیل کے عظیم فٹبالر پیلے گزشتہ جمعرات کو اس جہان فانی سے 82 برس کی عمر میں رخصت ہوئے۔
آنجہانی پیلے نےاپنے 21 برس کے کیریئر میں 1363 میچوں میں 1281 گول کیے۔ انہوں نے برازیل کے لیے 92 میچوں میں 77 گول کیے۔
پیلے 1958، 1962 اور 1970 میں ورلڈ کپ جیتنے والی برازیل کی ٹیم کا حصہ بھی تھے اور ان کا 3 ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کا حصہ ہونا بھی ایک عالمی ریکارڈ ہے۔
پیلے 2000 میں فیفا کے صدی کے بہترین کھلاڑی بھی قرار دیے گئے تھے۔