مریم نواز کیوں باہر جانا چاہتی ہیں، کیا والد کی دیکھ بھال کرنے والا کوئی نہیں؟ عدالت کا سوال

لاہور : لاہور ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے اور پاسپورٹ واپس کرنے کی درخواست پر سماعت میں استفسار کیا مریم نواز کیوں باہر جانا چاہتی ہیں کیا باہر ان کے والد کی دیکھ بھال کرنے والا کوئی نہیں۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس طارق عباسی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے اور پاسپورٹ واپس کرنے کی درخواست پر سماعت کی۔

مریم نواز کے وکلاء نے کہا کہ ای سی ایل میں نام شامل کرنے کا اقدام غیر قانونی ہے، مریم نواز ماضی میں ت تشویش ناک حالت میں چھوڑ کر والد کے ساتھ واپس آئیں اور گرفتاری دی۔

وکلاء کا کہنا تھا کہ حکومت نے موقف سنے بغیر ای سی ایل میں نام ڈالا اور نام نکالنے کی درخواست بھی مسترد کر دی ، لہذا عدالت نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دے۔

مزید پڑھیں : مریم نواز بیرون ملک جانے کیلئے بے تاب

عدالت نے استفسار کیا کہ مریم نواز کیوں باہر جانا چاہتی ییں، جس پر وکیل نے کہا کہ ان کے والد سخت بیمار ہیں، تو عدالت کا کہنا تھا کہ کیا ان کےوالد کی دیکھ بھال کرنے والا وہاں کوئی نہیں۔

وکلاء نے جواب دیا مریم نواز بیٹی ہیں ان کا حق ہے کہ والد کی دیکھ بھال کریں، وکلا کی جانب سے مزید تیاری کے لیے مہلت کی استدعا کی گئی، جس پرعدالت نے مریم نواز کے وکلاء کی استدعا پر سماعت فروری کے پہلے ہفتے تک ملتوی کردی۔

یاد رہے مریم نواز نے لاہور ہائی کورٹ میں والد کی عیادت کے لئےبیرون ملک جانے کی اجازت کےلیے ایک درخواست دائر کی تھی ، جس کے ساتھ نواز شریف کی تازہ ترین رپورٹس کو بھی منسلک کیا گیا تھا۔

مریم نواز نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ والد کی طبعیت دن بدن ناساز ہوتی جا رہی ہے . نواز شریف کی تازہ رپورٹس میں میں ان کے امراض میں مزید اضافہ ہو گیا ہے، نواز شریف کی میڈیکل ہسٹری سے متعلق مجھ سے زیادہ کوئی نہیں جانتا لہذا میرا ان کے پاس موجود ہونا اشد ضروری ہے۔

مریم نواز نے استدعا کی تھی کہ عدالت میاں نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد والد کی تیمارداری کےلیے بیرون ملک جانے کی اجازت دے۔