لاہور: مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی ضمانت کے کیس میں لاہور ہائیکورٹ نے تفصیلی فیصلہ جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ نے نواز شریف کی ضمانت کے کیس میں 7 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ہر ملزم کا حق ہے کہ وہ اپنی بیماری کا علاج کراسکے۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ طبی بنیادوں پر نواز شریف کی ضمانت کا کیس ہے وہ ضمانت کے بعد مرضی کے اسپتال سے علاج کرائیں۔
لاہور ہائیکورٹ کے تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ میڈیکل بورڈ کے مطابق خاص آلات کے بغیر بیماری کو کنٹرول کرنا ممکن نہیں ہے، نواز شریف کا حق ہے ملک کے اندر یا باہر مرضی کا علاج کرانا چاہیں تو کراسکتے ہیں۔
مزید پڑھیں: سابق وزیراعظم نوازشریف کی درخواست ضمانت منظور
عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ نواز شریف ضمانت حاصل کرنے میں حق بجانب ہیں، ان کی ضمانت منظور کی جاتی ہے، نواز شریف ایک کروڑ کے 2 مچلکے جمع کرائیں۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ عدالت میں پیش رپورٹ کے مطابق نواز شریف کی حالت تشویش ناک ہے، جیل میں رہتے ہوئے علاج ممکن نہ ہو تو ملزم ضمانت کا حق دار ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ آج لاہور ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم نوازشریف کی درخواست ضمانت منظور کی تھی، ان کی ضمانت چوہدری شوگرملزکیس میں منظور کی گئی۔
یاد رہے کہ دوسرے کیس میں نواز شریف نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں ضمانت کے لیے درخواست دائر کردی ہے۔