لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین پی سی بی کے انتخاب کے لیے گرین سگنل دے دیا

چیئرمین پی سی بی انتخاب

لاہور : لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین پی سی بی کا انتخاب روکنے کاحکم امتناع واپس لےلیا اور کیس جسٹس شاہد کریم کو بھجوا دیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں چیئرمین پی سی بی کا انتخاب روکنے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، جسٹس انوار حسین نے کیس کی سماعت کی۔

درخواست گزار ملک ذوالفقار کی وکیل ندا کفیل نے دلائل دئیے ، سرکاری وکیل نے بتایا کہ اسی طرزکی درخواستوں پرجسٹس شاہد کریم کے پاس زیرسماعت ہیں، اس درخواست کو بھی ان کے پاس سماعت کے لیے بھجوا دیا جائے۔

وکیل نے استدعا کی جسٹس شاہد کریم نے اس قسم کی درخواست پر حکم امتناعی جاری نہیں کیا ، جس پر عدالت نے چیئرمین پی سی بی کا انتخاب روکنے کاحکم امتناع واپس لےلیا اور کیس کو کیس جسٹس شاہد کریم کو بھجوا دیا۔

یاد رہے 27 جون کو لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس انوار حسین نے شہری کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے چیئرمین پی سی بی کا الیکشن روکنے کا حکم دیا تھا۔

عددالت نے وفاقی حکومت، پی سی بی الیکشن کمشنر اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا تھا۔

درخواست گزار کی جانب سے عدالت میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ مینجمنٹ کمیٹی کی منظوری سے بنائے گئے بورڈ آف گورنرز کو پی سی بی الیکشن کمشنر نے عہدوں سے ہٹایا، االیکشن کمشنر نے غیر آئینی اقدام کر کے بورڈ آف گورنرز کے نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دیا۔

درخواست گزار کا مؤقف تھا کہ پی سی بی الیکشن کمشنر نے غیر قانونی اقدام کرتے ہوئے نیا بورڈ آف گورنرز تشکیل دیا، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ پی سی بی الیکشن کمشنر کا ازخود نیا بورڈ آف گورنرز تشکیل دینے کا اقدام غیر آئینی قرار دیا جائے۔