عمران خان کو پارٹی چیئرمین کے عہدے سے ہٹانے کا کیس :لاہور ہائی کورٹ کی فل بنچ بنانے کی سفارش

لاہور : لاہور ہائی کورٹ نے عمران خان کو پارٹی چیئرمین کے عہدے سے ہٹانے کے الیکشن کمیشن کے نوٹس کiخلاف درخواست پر فل بنچ بنانے کی سفارش کردی۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس جواد حسن نے عمران خان کو پارٹی چیئرمین کے عہدے سے ہٹانے کے الیکشن کمیشن کے نوٹس کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔

ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے اپنا جواب عدالت میں جمع کروایا، وفاقی حکومت کے وکیل نے درخواست خارج کرنے کی استدعا کی کہ اسی نوعیت کی درخواست عمران خان نے اسلام آباد ہاٸی کورٹ میں بھی داٸر کی ہے، ایک ہی نوعیت کی درخواست دو عدالتوں میں داٸر نہیں کی جاسکتی۔

عدالت نے وفاقی حکومت کے وکیل کی استدعا مسترد کردی، ایڈوکیٹ جنرل پنجاب نے بتایا کہ الیکشن کمیشن نہ تو عدالت ہے اور نہ ہی وہ کسی کو نااہل قرار دے سکتا ہے۔

عدالت نے ریمارکس دئیے کہ اس درخواست میں کٸی اہم قانونی نکات ہیں، دیگر اہم معاملات کی طرح اس پر بھی فل بنچ تشکیل دیا جانا چائیے۔

ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل شاہد سلیم نے بتایا کہ فل بنچ کے علم میں ہے کہ اسی طرز کی ایک درخواست سنگل بنچ میں زیر سماعت ہے۔

عدالت نے فل بنچ بنانے کی سفارش کرتے ہوئے فائل چیف جسٹس کو ارسال کردی، عدالت نے الیکشن کمیشن کو نوٹس پر تادیبی کاروائی سے روکنے کے حکم میں توسیع بھی کردی۔