میسی کی ورلڈ کپ 2022 کی جرسیاں لاکھوں ڈالرز میں نیلام

لیونل میسی

نیویارک: ارجنٹائن کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی کی فیفا ورلڈ کپ 2022 میں پہنی گئیں جرسیاں لاکھوں ڈالرز میں نیلام ہوگئیں۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق فیفا ورلڈ کپ کے دوران ارجنٹائن کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی نے 6 جرسیاں پہنیں جو نیویارک میں 78 لاکھ ڈالرز میں نیلام ہوئیں۔

میسی کو جرسیوں میں وہ شرٹ شامل تھیں جو انہوں نے فرانس کے خلاف ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنی تھیں۔

نیلامی میں میسی کی جرسیاں خریدنے والے کے بارے میں تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔

نیلامی سے قبل خیال کیا جارہا تھا کہ  میسی کی ان جرسیوں کی نیلامی ایک کروڑ ڈالر سے زائد میں ہوسکتی ہے جو کہ کھیل کی تاریخ میں اب تک کی سب سے قیمتی نیلامیوں میں سے ایک ہوگی لیکن ایسا ممکن نہ ہوسکا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ میسی نے سوشل میڈیا پر نیلامی کی خبر شیئر کرتے ہوئے یہ بھی اعلان کیا تھا اس نیلامی سے حاصل رقم کا ایک حصہ بارسلونا کے چلڈرن اسپتال کو عطیہ کیا جائے گا۔