سرکس شو میں شیروں کا شائقین پر حملہ، پھر کیا ہوا؟ ویڈیو دیکھیں

چین میں ایک سرکس شو کے دوران کرتب دکھاتے ہوئے دو شیروں نے اچانک پنجرے سے نکل کر شائقین کی جانب رخ کرلیا جس کے نتیجے میں بھگدڑ مچ گئی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق چین میں ایک سرکس شو جاری تھا اور لوگ شیروں کے کرتب دیکھ کر محظوظ ہو رہے تھے کہ کرتب دکھاتے دکھاتے شیروں نے اچانک شائقین کی جانب رخ کر لیا جس سے بھگدڑ مچ گئی۔

اس بھگدڑ کے نتیجے میں کئی افراد پیروں تلے کچلنے سے زخمی بھی ہوگئے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ چین کے صوبہ ہینان کے ایک سرس کا ہے جہاں شیروں کا پنجرا کھلا رہ جانے کے باعث یہ خوفناک واقعہ پیش آیا۔

شیروں کو سرکس کے عملے نے جلد ہی پکڑ کر پنجرے میں دوبارہ بند کر دیا۔ اس واقعے کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان تو نہیں ہوا تاہم بھگدڑ مچنے سے متعدد لوگ ضرور زخمی ہوئے۔

اس واقعے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پنجرے کے اندر دو ماہرین شیروں کے ساتھ کرتب دکھا رہے ہیں۔ اچانک کرتب دکھاتے دکھاتے دونوں شیر پنجرے کے کھلے رہ جانے والے دروازے سے باہر نکل جاتے ہیں اور شائقین کی جانب رخ کرتے ہیں۔