اسلام آباد : ٹیکس دہندگان کو ہراساں کرنے اور ناقص کارکردگی والےٹیکس افسران کی فہرستیں تیار کرلی گئیں ، گریڈ 17 اور 18 کے 200 سے زائد افسران کے تقررو تبادلے کیے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ٹیکس دہندگان کو ہراساں کرنے اور ناقص کارکردگی والے ٹیکس افسران کی فہرستیں تیار کرنے کی ہدایت کردی۔
ذرائع نے بتایا کہ ایف بی آر میں ناقص کارکردگی پر سیکڑوں افسران کے ردو بدل کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں ، ان لینڈ ریونیو سروس کے گریڈ 17 اور 18 کے 200 سے زائد افسران کے تقرر و تبادلے کیے جائیں گے۔
دوسرے فیزمیں ایف بی آر کے گریڈ 19 اور 20 کے افسران بھی تبدیل کیے جائیں گے، ایف بی آر افسران کے تقرر و تبادلوں کے نوٹیفکیشن رواں ہفتے ہی جاری ہو جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ ایف بی آر فیلڈ فارمیشنز کارکردگی غیر تسلی بخش ہونے کے باعث افسران کے ردوبدل کا فیصلہ کیا ہے ، مجاز اتھارٹی نے گریڈ 17 اور18 کے 40 فیصد سے زائد افسران کی رِی شفلنگ کی منظوری دی۔
ذرائع نے کہا کہ ایف بی آر بورڈ ممبران میں بھی جلد ہی تبدیلیاں کیے جانے کا پلان تیار کیا گیا ہے، حکام نے انٹرنل میٹنگز میں ماہانہ ٹارگٹ کو ہر طرح حاصل کرنے کی اسٹریٹیجی تیار کی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کو انفورسمنٹ اور پالیسی اقدامات کیساتھ ریونیو ہدف پورا حاصل کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔