پیرس میں ایک خاتون نے خودکشی کرتے ہوئے اسے سماجی رابطوں کی سائٹ پیری اسکوپ پر لائیو دکھایا۔
تفصیل کے مطابق پیرس کی رہائشی ایک خاتون نے پیری اسکوپ پر اپنے دوستوں کو پیغام بھیجا کہ وہ خودکشی کرنے جارہی ہیں۔ پیری اسکوپ ایک ایسی سائٹ ہے جو ٹوئٹر پر لائیو اسٹریم کی سہولت فراہم کرتی ہے۔ یہ ویڈیو 24 گھنٹوں کے لیے ٹوئٹر پر موجود رہتی ہے۔
پولیس کے مطابق اس لائیو اسٹریم کو دیکھنے والے ایک شخص کی جانب سے انہیں اطلاع دی گئی جس کے بعد وہ جائے وقوع پر پہنچے۔
ویڈیو میں خاتون کو خودکشی کی وجوہات بیان کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے اس کے بعد اسکرین سیاہ ہوجاتی ہے اور پس منظر میں وہاں پیدا ہونے والی صورتحال پر مختلف آوازیں سنائی دیتی ہیں۔
اس بارے میں ٹوئٹر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پیری اسکوپ کی لائیو اسٹریم کو اس سے قبل بھی مختلف پرتشدد واقعات میں استعمال کیا گیا ہے۔ بدقسمتی سے انتظامیہ اس حوالے سے بے بس ہے اور صرف اسی صورت میں کارروائی کر سکتی ہے جب دیکھنے والے اسے رپورٹ کریں۔