خیبر پختونخوا میں سیلاب سے ڈیڑھ ارب مالیت کے مویشی اور چارہ بہہ گیا

محکمہ لائیو اسٹاک نے کہا ہے کہ پشاور: خیبر پختونخوا میں سیلاب سے 1 ارب 57 کروڑ روپے مالیت کے مویشی اور چارہ بہہ گیا۔

تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا میں حالیہ سیلاب کے باعث مویشیوں کے حوالے سے بھی بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے، محکمہ لائیو اسٹاک نے نقصانات کی ابتدائی رپورٹ جاری کردی ہے، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سیلاب میں 5 ہزار سے زائد مویشی اور 10 ہزار مرغیاں ہلاک ہوئیں۔

محکمہ لائیو اسٹاک کی جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا کہ 7 اضلاع میں مجموعی طور پر 5 ہزار 328 مویشی ہلاک ہوئے۔

ہلاک مویشیوں میں 1 ہزار 91 بکریاں اور 1 ہزار 628 بچھڑے شامل ہیں، بونیر میں 748، سوات میں 218، شانگلہ 116، باجوڑ 58، بٹگرام 29، لوئردیر 16 اور مانسہرہ میں 6 بکریاں ہلاک ہوئیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ سیلاب میں 1 ہزار 89 گائے، 822 بھینسیں، 544 بھیڑیں ہلاک ہوئیں، بونیر میں 703، سوات میں 71، شانگلہ میں 38 بھینسیں ہلاک ہوئیں۔

بونیر میں 875، سوات میں 112، شانگلہ 63، باجوڑ میں 30 گائے سیلاب میں بہہ گئیں، سیلاب کے باعث پولٹری فارمز کو بھی شدید نقصان پہنچا، بونیر میں 9 ہزار مرغیاں، باجوڑ و سوات میں 4 ہزار 435 گھریلو مرغیاں ہلاک ہوئیں۔

محکمہ لائیواسٹاک نے رپورٹ میں بتایا کہ مانسہرہ، شانگلہ، بونیر، سوات میں جانوروں کے 336 شیلٹرز کو نقصان پہنچا، سیلاب سے 28 کروڑ 60 لاکھ مالیت کا جانوروں کا چارہ خراب ہوا۔