انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر لوکی فرگیوسن کی دلچسپ ویڈیو شیئر کردی۔
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کا باقاعدہ آغاز 5 اکتوبر کو دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ سے ہوگا، ورلڈ کپ سے قبل وارم اپ میچز کھیلے جارہے ہیں۔
وارم اپ میچ میں جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں مدمقابل تھیں جس میں نیوزی لینڈ نے کامیابی حاصل کرلی ہے۔
تاہم میچ سے قبل آئی سی سی نے بالی ووڈ اداکار عامر خان کی کامیاب فلم ’لگان‘ کے ڈائیلاگ کیوی فاسٹ بولر لوکی فرگیوسن کو کہنے کا کہا جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لوکی فرگیوسن کو ڈائیلاگ بولنے میں مشکل پیش آرہی ہے اور وہ کہہ رہے ہیں کہ ’کیا کہنا ہے۔‘
بعدازاں لوکی فرگیوسن کہتے ہیں کہ ’تین گنا لگان دینا پڑے گا۔‘
کیوی فاسٹ بولر کی ویڈیو کو لاکھوں کی تعداد میں شائقین کرکٹ دیکھ چکے ہیں اور اس پر تبصرے بھی کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان کے خلاف وارم اپ میچ میں لوکی فرگیوسن نے 34 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی تھی جبکہ وہ انڈین پریمیئر لیگ میں گجرات ٹائٹنز کی نمائندگی بھی کرچکے ہیں۔