عمان کا سب سے طویل اور خوبصورت سیاحتی راستہ کھول دیا گیا

عمان

مسقط : حکومت عمان نے سیاحوں کو خوشخبری سنادی، صوبہ جنوبی الباطینہ کی ریاست نخل میں سب سے طویل سیاحتی راستہ (واک وے) عوام کے لیے کھول دیا گیا۔

عمان کی روایتی ثقافت، مہمان نوازی اور تاریخی مقامات جیسے قلعے اور عجائب گھر دنیا بھر کے سیاحوں کو اپنی جانب راغب کرتے ہیں۔

قدرتی خوبصورتی کے ساتھ ساتھ عمان کے لوگوں کی مہمان نوازی اور دوستانہ رویہ اس کو ایک پسندیدہ سیاحتی مقام بناتا ہے۔

عمان کی ریاست نخل میں یہ نیا راستہ علاقے کی تاریخی اور قدرتی خوبصورتی کو سیاحوں کے لیے مزید پُرکشش بنائے گا۔ یہ واک وے مشہور تاریخی قلعہ نخل کو عین الثوارة پارک سے ملاتا ہے، اس کا کل فاصلہ 3 کلومیٹر ہے۔

یہ واک وے راستے میں آے والے کئی قدرتی چشموں، آبی نہروں اور وادی نخل کی سرسبز زرعی زمینوں سے گزرتا ہے۔ اس راستے کے کھل جانے سے سیاحوں کو پیدل سفر کے دوران قدرتی نظارے دیکھنے کا بھی بہترین موقع ملے گا۔

اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں نخل کے گورنر معالی شیخ خلیفہ بن صالح البوسعیدی نے کہا ہے کہ اس منصوبے کا مقصد مقامی سیاحت کو فروغ دینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس واک وے کی مدد سے مقامی دیہات، کھیتوں، تاریخی مقامات اور قدرتی مناظر کو بہتر انداز میں پیش کیا جا سکے گا۔

اس منصوبے پر 10 لاکھ ریال سے زائد کے اخراجات آئے ہیں، اس میں متعددسہولیات بھی شامل کی گئی ہیں، جیسے روشنی کا انتظام، پتھروں یا انٹر لاکنگ ٹائلز کا فرش اور دیگر شامل ہیں۔