گھر والوں کا شادی سے انکار، پریمی جوڑے نے زندگی کا خاتمہ کرلیا

بھارت کے تلنگانہ میں رونما ہونے والے ایک افسوسناک واقعے میں پریمی جوڑے نے اجتماعی طور پر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ ریاست تلنگانہ کے کریم نگر میں پیش آیا۔ پولیس کے مطابق ضلع کے چپہ دنڈی منڈل کے رہنے والے پریمی جوڑے 24 سالہ ارون کمار اور 21 سالہ الیکھیا نے ایروکالا واڈا میں اپنے مشترکہ دوست کے گھر میں انتہائی قدم اُٹھالیا۔

ارون کمار پیشہ سے لیب ٹکنیشن کے طور پر کریم نگرٹاؤن کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں کام کرتا تھا، یہ دونوں ایک دوسرے سے محبت کرتے تھے اور شادی کرنا چاہتے تھے تاہم گھروالوں نے اس شادی سے انکار کردیا تھا، جس پر مایوسی کے عالم میں ان دونوں نے اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔

پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو تحویل میں لے لیا ہے اور معاملے کی مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

اس سے قبل بھارت کے میرٹھ میں ایک اور انتہائی دلخراش واقعہ رونما ہوا، 10 ویں جماعت کی طالبہ نے ہراسانی سے تنگ آکر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بچی کے اہل خانہ نے محلے کے ایک نوجوان پر خودکشی کے لیے اکسانے کا الزام عائد کیا ہے، پولیس نے اہل خانہ کی شکایت پر مقدمہ درج کرکے ملزم کی تلاش شروع کردی ہے۔

رپورٹس کے مطابق مقتولہ کے والدین غریب مزدور پیشہ ہیں، جو جمعرات کے روز مزدوری کرنے گئے ہوئے تھے، طالبہ گھر میں اکیلی تھی۔ اسی دوران اس نے انتہائی قدم اُٹھالیا۔

پڑوسی کے گھر جانے پر سفاک باپ نے 5 سالہ بیٹی کے ٹکڑے ٹکڑے کر دیے

بھارتی میڈیا کے مطابق گھر والے گھر پہنچے تو دروازہ اندر سے بند تھا، اسے توڑ کر اندر داخل ہوئے تو بچی کی لاش پھندے سے لٹک رہی تھی۔ پولیس نے لاش کو اسپتال منتقل کرکے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔