ملتان: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ ریلوے کی تاریخ میں سب سے کم حادثات میرے دور میں ہوئے جس کا ریکارڈ موجو ہے جو پیش کر سکتا ہوں۔
تفصیلات کے مطابق سانحہ تیز گام ایکسپریس کے زخمیوں کی عیادت کے بعد ملتان میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید نے سانحے میں 74 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی۔
وزیر ریلوے نے حادثے کی وجوہات بیان کرتے ہوئے کہا کہ سلنڈر اور چولہا جلانے کی وجہ سے اتنا بڑا سانحہ رونما ہوا، تبلیغی جماعت کے لوگ ناشتے کی تیاری کے لیے چولہا جلانے لگے تو گارڈ نے انہیں روکا لیکن گارڈ کےجانے کے بعد انہوں نےچولہا جلا لیا۔
شیخ رشید نے سانحے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو15،15لاکھ روپے اور زخمیوں کو فی کس 3 سے5 لاکھ روپے امداد دینے کا اعلان بھی کیا۔
وزیر ریلوے نے بتایا کہ وزیراعظم نےواقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے اور 10 روز میں انکوائری مکمل کرکے مجرموں کو سزا دیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کو ہٹانے کا مطالبہ
شیخ رشید نے دعویٰ کیا کہ سب سے کم ٹرین حادثات ان کے دور میں ہوئے،ٹرین حادثات کا ریکارڈ موجود ہے جو پیش کرسکتا ہوں۔
استعفے کے سوال پر وزیرریلوے نے جواب دیا کہ میرا استعفیٰ کوئی مسئلہ نہیں اس حوالے سے اتوار کو جواب دوں گا۔
یاد رہےکہ لیاقت پور کے قریب تیزگام ایکسپریس میں آتشزدگی کے ہولناک واقعے میں تین بوگیوں میں سوار درجنوں مسافرزندہ جل گئے۔
حادثے کے بعد بہاولپور ملتان اوررحیم یارخان کےسرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی،ایم ایس ڈی ایچ کیو لیاقت پورکےمطابق 12 مسافروں کی حالت تشویشناک ہے جب کہ جاں بحق اورزخمیوں کی شناخت کی کوشش کررہے ہیں،14 لاشیں ناقابل شناخت ہیں۔