اوگرا نے ایل پی جی مہنگی کردی، گھریلو سلنڈر کتنے کا ہوگیا؟

ایل پی جی

اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ماہ اگست کے لیے ایل پی جی کی قیمت میں اضافہ کردیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق اوگرا کی جانب سے ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 2 روپے 27 پیسے اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی فی کلو قیمت 236 روپے 99 پیسے مقرر ہوگئی ہے۔

ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 26 روپے 90 پیسے مہنگا ہوگیا جس کے بعد گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت 2796 روپے 56 پیسے ہوگئی ہے۔

ایل این جی کی قیمتوں میں کمی

دوسری جانب اوگرا نے اگست کے لیے ایل این جی کی قیمتوں میں 8.50 فیصد تک کمی کردی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق سوئی ناردرن کے لیے ایل این جی کی قیمت میں 1.23 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کمی کی گئی ہے جس کے بعد سوئی ناردرن کے لیے ایل این جی کی قیمت 13.39 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو ہوگئی۔

اسی طرح سوئی سدرن کے لیے ایل این جی قیمت میں 1.22 ڈالرفی ایم ایم بی ٹی یو کمی کی گئی ہے جس کے بعد ایل این جی کی قیمت 13.15 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو ہوگئی ہے۔