جنرل (ر) عارف حسن نے پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کی صدارت چھوڑ دی

عارف حسن

اسلام آباد: جنرل (ر) عارف حسن نے پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کی صدارت چھوڑ دی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق عارف حسن کا کہنا ہے کہ فیصلہ آسان نہیں تھا خراب صحت کی وجہ سے پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کی صدارت چھوڑ رہا ہوں۔

عارف حسن پہلی بار 2004 میں پی او کے کے صدر منتخب ہوئے اور 19 سال صدارت کے عہدے پر فائز رہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے ایشین گیمز میں بری کارکردگی پر پاکستان اولمپکس میں تبدیلی کا مطالبہ کیا تھا۔

احسن اقبال نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ایکس پر 1990 سے لے کر 2022 تک ہونے والے اولمپکس مقابلوں میں پاکستان اور بھارت کا موازنہ کیا۔

لیگی رہنما کی شیئر کردہ تفصیلات کے مطابق ان سالوں میں بھارت کے میڈلز میں اضافہ ہوتا رہا جب کہ پاکستان کے میڈلز جیتنے کی تعداد کم ہوتی گئی۔