اورنگ آباد میں مویشیوں میں پھر سے لمپی اسکین کی بیماری پھیلنے کا انکشاف ہوا ہے، چار سو کے لگ بھگ جانورں میں اس موذی بیماری کے آثار پائے گئے ہیں۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے ضلع اورنگ آباد میں گائے، بیلوں اور دیگر مویشیوں میں لمپی اسکین کی بیماری پھیل گئی ہے، انتظامیہ نے عوام سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی ہے تاکہ یہ بیماری مزید پھیلنے سے رک سکے۔
اب تک 400 کے قریب مویشیوں میں لمپی اسکین کی بیماری کی علامات پائی گئی ہیں، حکام کی جانب سے مویشیوں کی ویکسی نیشن کا آغاز بھی کردیا گیا ہے، اس بیماری سے جو گائوں سب سے زیادہ متاثر ہے اس کے پانچ کلو میٹر کے گرد واقع تمام گائوں میں بھی ویکسی نیشن کا عمل جاری ہے۔
ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر اتھارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ جانوروں کے مالکان کو چوکس رہنے کی ضرورت ہے تاکہ بیماری مزید نہ پھیلنے پائے، مالک اپنے مویشیوں کا خصوصی خیال رکھیں۔
اس ضلع میں مویشیوں کی تعداد پانچ لاکھ سے بھی زائد ہے جن میں سے مجموعی طور پر 396 جانور متاثرہ ہیں۔
واضح رہے کہ لمپی کی علامات میں جانور کو بخار ہونا، جانورں کا کم کھانا، کم پانی پینا، آنکھون اور ناک سے لیس دار مادہ خارج ہونا شامل ہے، اس کے علاوہ مویشیوں کے جسم پر نشانات بھی ابھرنے لگتے ہیں جب کہ ٹانگیں سوجنے کے باعث جانور کو چلنے میں کافی دقت ہوتی ہے۔