پھیپھڑوں کا کینسر : یہ موذی مرض اپنی علامات کب ظاہر کرتا ہے؟

پھیپھڑوں

پاکستان میں اموات کی سب سے بڑی وجہ پھیپھڑوں اور دل کے امراض بن رہے ہیں، پھیپھڑوں کا کینسر دنیا بھر میں سب سے زیادہ عام کینسر ہے۔

اسے طبی طور پر برونکجینک کارسنوما کے نام سے جانا جاتا ہے، فضائی آلودگی پھیپھڑوں کا کینسر کا بہت بڑا سبب بن رہی ہے۔

ماہرین صحت کے مطابق پھیپھڑوں کے کینسر کی وجوہات میں منفی طرز زندگی، مختلف منفی عادات جیسے کہ گلی محلوں میں کچرا جلانا، درختوں کا نہ لگانا، سبزہ کم ہونا، تمباکو نوشی، زیادہ چربی والی اور مرغن غذاؤں کا استعمال بھی ہے۔

پھیپھڑوں کے کینسر کے لیے یہ عام بات ہے کہ اس میں ابتدائی علامات ظاہر نہیں ہوتیں جیسے جیسے حالت بگڑتی ہے، پھیپھڑوں کے کینسر کی زیادہ تر علامات پھر ظاہر ہونا شروع ہوتی ہیں۔

پھیپھڑوں کے کینسر کی علامات میں مسلسل کھانسی جو وقت کے ساتھ ساتھ خراب ہوتی جاتی ہے۔ سینے میں درد یا تکلیف۔ سانس کی قلت۔ غیر معمولی وزن میں کمی۔ تھکاوٹ۔ کھانسی سے خون یا زنگ آلود تھوک۔ اوپری سینے، بازوؤں، گردن یا چہرے میں سوجن شامل ہیں۔

مرض کی پہچان کیلیے ڈاکٹرز کا مشورہ ہے کہ مختلف کام کاج کرتے وقت یا سیڑھیاں چڑھتے وقت اگرآپ کو سانس لینے میں کوئی دشواری ہو یا وزن میں کمی محسوس کریں یا ریڑھ کی ہڈی میں درد ہو تو جتنی جلدی ممکن ہو سکے اپنے ڈاکٹر سے رجوع کریں۔

اس کے علاوہ جو لوگ سگریٹ نوشی کے عادی ہیں ان کو یہ عادت بھی کافی نقصان پہنچاسکتی ہے، لہٰذا پھیپھڑوں اور دل کے امراض سے بچاؤ کیلیے صحت مند عادات اپنانے پر توجہ دینا ضروری ہے۔