کراچی : لیاری میں عمارت گرنے کے واقعے کی تحقیقات کے لئے 3 رکنی کمیٹی بنادی گئی ، تحقیقات کی روشنی میں واقعے کا مقدمہ درج ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لیاری میں عمارت گرنے کے واقعے پر ڈپٹی کمشنرساؤتھ نے 3 رکنی تحقیقاتی کمیٹی بنادی۔
ذرائع نے بتایا کہ اسسٹنٹ کمشنر ساؤتھ کی سربراہی میں کمیٹی تحقیقات کرے گی، تحقیقاتی کمیٹی کی تحقیقات کی روشنی میں واقعے کا مقدمہ درج ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے افسران سے بھی انکوائری کی جائے گی اور ایس بی سی اے نے مخدوش عمارت ہونے کا جو نوٹس جاری کیا وہ پیش کیا جائے۔
کمیٹی کی جانب سے کہا گیا کہ ایس بی سی اے نے دیوار پر نوٹس چسپاں کیا تھا تو ثبوت پیش کیا جائے۔
کمیٹی نے سوال کیا نوٹس کس نے وصول کیا ؟ کیا نوٹس کے بعد بجلی منقطع کیلئےکے الیکٹرک کو لکھا گیا ، ایس بی سی اے نے واٹر بورڈ کو مخدوش عمارت کا پانی ،سیوریج بند کرنے کیلئے لکھا ؟ کیا ایس بی سی اے نے مخدوش عمارت کے سوئی گیس کنکشن منقطع کیلئے لکھا ؟
مزید پڑھیں : کراچی، لیاری میں عمارت گرنے کا واقعہ، ریسکیو آپریشن مکمل، 27 لاشیں نکال لی گئیں
خیال رہے کراچی میں ستائیس جانیں غفلت کی بھینٹ چڑھ گئیں، لیاری بغدادی میں گرنے والی رہائشی عمارت کےحادثے میں سولہ مرد، نو خواتین اور دو بچے جان سے گئے، جن مین زیادہ تر افرادکا تعلق ہندو کمیونٹی سے ہے۔
عمارت کے ملبے تلے دب کر50 سے زائد رکشوں اور موٹر سائیکلوں کو بھی نقصان پہنچا۔