بھارتی کرکٹ کی تاریخ کے کامیاب ترین سابق کپتان ایم ایس دھونی نے ٹیم انڈیا کے ورلڈ کپ سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ سمجھدار کو اشارہ کافی ہے۔
بھارت میں کرکٹ کا سب سے بڑا میلہ آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ 2023 جاری ہے۔ اب تک کھیلے گئے میچز میں میزبان بھارت کی کارکردگی انتہائی شاندار رہی ہے جو نا قابل شکست رہتے ہوئے 5 میچز جیت چکی ہے اور پوائنٹس ٹیبل پر سر فہرست ہے۔
مین ان بلیو نے ورلڈ کپ 2023 میں چنئی میں آسٹریلیا کے خلاف چھ وکٹوں کی جیت کے ساتھ اپنی مہم کا آغاز کیا۔ اس کے بعد،انہوں نے افغانستان، پاکستان، بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کے خلاف مسلسل فتوحات حاصل کیں۔ ماہرین اس کارکردگی پر انڈیا کو ورلڈ کپ جیتنے کے لیے فیورٹ ٹیم قرار دے رہے ہیں۔
بھارتی ٹیم کی کارکردگی اور ورلڈ کپ جیتنے کے چانسز کے حوالے سے جب سابق کپتان ایم ایس دھونی سے سوال کیا گیا تو انہوں نے روہت شرما کی قیادت میں موجودہ بلیو شرٹس اسکواڈ کو بہترین اور متوازن قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس ٹیم کے پاس آگے اور اوپر جانے کی پوری صلاحیت ہے۔
ایک انڈین ٹی وی شو میں بھارت کے تیسری بار عالمی چیمپئن بننے کے کے امکانات کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں دھونی نے واضح جواب تو نہیں دیا اور مگر یہ کہا کہ ٹیم کے تمام کھلاڑی اچھا کھیل رہے ہیں میں اس سے زیادہ کچھ نہیں بولوں گا کہ سمجھدار کے لیے اشارہ ہی کافی ہے۔
واضح رہے کہ بھارت کے رواں ورلڈ کپ کے راؤنڈ میچز میں چار میچ باقی ہیں جس میں اگلا مقابلہ اتوار 28 اکتوبر کو لکھنو میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ کے خلاف ہے اس کے بعد میزبان ٹیم نے سری لنکا، جنوبی افریقہ اور نیدر لینڈ سے میچز کھیلنے ہیں۔
بھارت 1983 اور 2011 میں عالمی چیمپئن رہ چکا ہے جب کہ 2015 اور 2019 کے میگا ایونٹس میں فائنل فور تک رسائی حاصل کی تھی۔