’غزہ پر قبضے کا منصوبہ خطرناک، نیتن یاہو تباہی سے پہلے رُک جاؤ‘

فرانس کا اسرائیل بھیجے گئے ایرانی ڈرونز کو رافیل طیاروں سے تباہ کرنے کا دعویٰ

فرانسیسی صدرمیکرون نے غزہ پر اسرائیلی قبضے کے منصوبے کو تباہی کا پیش خیمہ قرار دے دیا۔

اپنے ردعمل میں میکرون نے اسرئیلی منصوبے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کا غزہ پر مکمل کنٹرول کا منصوبہ بڑی تباہی لائے گا اس منصوبے سے اسرائیلی یرغمالی اور غزہ کےعوام سب سے پہلے متاثر ہوں گے۔

صدرمیکرون نے کہا کہ منصوبے کے خطرناک نتائج ہوں گے نیتن یاہو تباہی سے پہلے رک جاؤ!

میکرون نے اپنے دفتر کی طرف سے صحافیوں کو بھیجے گئے ریمارکس میں کہا کہ اسرائیلی کابینہ کی طرف سے غزہ شہر اور مواسی کیمپوں میں اپنی کارروائیوں میں توسیع اور دوبارہ قبضے کا اعلان ایک بے مثال تباہی کی طرف اشارہ کرتا ہے جو ہونے کا انتظار کر رہا ہے اور ایک نہ ختم ہونے والی جنگ کی طرف بڑھ رہا ہے۔

اٹلی

اطالوی وزیر دفاع گوئیڈو کروسیٹو نے غزہ میں اسرائیلی اقدامات کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی حکومت نے انسانیت کھو دی ہے۔

پورے غزہ پر کنٹرول کے اسرائیلی منصوبے پر ردعمل دیتے ہوئے وزیردفاع نے کہا کہ غزہ میں اسرائیل کے اقدامات ناقابل قبول ہیں، غزہ میں قتل عام قانون اور ہماری تہذیب کی بنیادی اقدار کی کھلی نفی ہے۔

اطالوی وزیردفاع نے اس عزم کا اعائدہ کیا کہ اٹلی انسانی ہمدردی کی بنیاد پرغزہ میں امداد جاری رکھے گا۔

جرمنی

اسرائیل کے غزہ پر مکمل کنٹرول کے منصوبے پر دنیا بھر سے سخت ردعمل سامنے آ رہا ہے۔ جرمن چانسلر نے واضح کر دیا ہے کہ اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی نہیں‌ ہوگی۔

جرمن چانسلر فریڈرک مرز نے اتوار کے روز کہا کہ غزہ میں فوجی آپریشن میں توسیع کی وجہ سے اسرائیل کو ہتھیار فراہم نہیں کر سکتے، ایسے تنازع میں ہتھیار فراہم نہیں کر سکتے جس کو صرف فوجی کارروائیوں سے حل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ غزہ تنازع سے لاکھوں عام شہریوں کی جان جا سکتی ہے ایک ایسا تنازع جس کے لیے پورے غزہ کا انخلا درکار ہو اس کے لیے ہتھیار فراہم نہیں کر سکتے۔ غزہ کے لوگ کہاں جائیں گے؟ ہم یہ نہیں کر سکتے اور نہ کر رہے ہیں اور میں خود بھی یہ نہیں کروں گا۔

چین

چینی مندوب فو کانگ نے غزہ پر اسرائیلی قبضے کے منصوبے پر ہونے والے سیکیورٹی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں کہا کہ غزہ فلسطینی عوام کی ملکیت ہے غزہ فلسطینی سرزمین کا لازمی حصہ ہے، غزہ کی آبادی، سرحدی ڈھانچے میں تبدیلی کی کوشش مزاحمت سے روکی جائے۔

انہوں نے کہا کہ فوجی طاقت کے زعم کو ترک کرنا ہو گا غزہ میں فوری جنگ بندی ہی زندگیاں بچانے اور یرغمالیوں کی رہائی کا راستہ ہے غزہ میں فوجی کارروائیوں کے تسلسل سے مزید ہلاکتیں ہوں گی۔

پاکستان

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ اسرائیل منصوبہ بندی کےتحت عالمی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے اسرائیل کو غزہ پر قبضے سے روکنےکےلیے اب تک کچھ نہیں کیا گیا پورے غزہ پر مکمل قبضے کا منصوبہ انتہائی خطرناک ہے۔

اسرائیل کے غزہ پر مکمل قبضے کے منصوبہ پر ہونے والے سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں پاکستانی مندوب عاصم افتخار نے کہا کہ اسرائیل کا غزہ پر مکمل قبضے کا منصوبہ خطرناک اشتعال انگیزی ہے وزیراعظم شہبازشریف نے اسرائیلی منصوبے کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ اسرائیلی کابینہ کافیصلہ اشتعال انگیزی ہے۔

مندوب نے کہا کہ عرب اسلامک سمٹ نے بھی اسرائیلی منصوبے کو مسترد کر دیا ہے اسرائیلی منصوبہ امن کےلیے عالمی کوششوں کو نقصان دہ ہے لاکھوں فلسطینیوں کو گھر چھوڑنے پر مجبور کیا جا رہا ہے غزہ میں بمباری اور ہزاروں اموات کا سلسلہ جاری ہے اسرائیل فلسطینیوں کواپنی زمین سے نکال کر قبضہ کرنا چاہتا ہے۔

ایران

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایران کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ ہم اسرائیل کے غزہ پر فوجی قبضے کے منصوبے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق ایران کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ یہ منصوبہ غزہ میں آبادی کی نقل مکانی کا باعث بنے گا۔

انہوں نے بین الاقوامی فوجداری عدالت اور بین الاقوامی عدالتِ انصاف پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ ادارے اسرائیل کے غزہ پر قبضے کے خطرے پر توجہ دیں۔

برطانیہ

برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیل کا غزہ شہر کا کنٹرول سنبھالنے کا فیصلہ غلط تھا اور اسرائیلی حکومت پر دوبارہ غور کرنے کی اپیل کی ہے۔

انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی حکومت کا غزہ میں جارحیت کو مزید تیز کرنے کا فیصلہ غلط ہے، اور ہم اس پر فوری طور پر نظر ثانی کرنے کی اپیل کرتے ہیں، غزہ میں ہر روز انسانی بحران سنگین ہوتا جا رہا ہے فوری جنگ بند کی جائے۔

آسٹریلیا

آسٹریلوی وزیرِ خارجہ پینی وونگ نے کہا اسرائیل غزہ پر فوجی قبضے کی جانب مت جائے، اس سے صورتحال مزید خرابی کی طرف چلی جائے گی۔

آسٹریلوی وزیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ آبادی کو بےگھر کرنا بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے، انہوں نے مزید کہا دو ریاستی حل ہی پائیدار امن کو محفوظ بنانے کا واحد راستہ ہے۔

ترکیہ

ترکی کی وزارت خارجہ نے کہا کہ وہ غزہ شہر پر کنٹرول حاصل کرنے کے اسرائیل کے منصوبے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، اور بین الاقوامی برادری اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے اس منصوبے پر عمل درآمد کو روکنے کے لیے کارروائی کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

ترکی کی وزارت خارجہ نے کہا کہ اسرائیل کو اپنے جنگی منصوبوں کو فوری طور پر روکنا چاہیے، غزہ میں جنگ بندی پر اتفاق کرنا چاہیے، اور دو ریاستی حل کے لیے بات چیت شروع کرنی چاہیے۔

حماس

حماس نے نیتن یاہو کے پورے غزہ پر قبضے کے بیان پر شدید ردعمل دیتے ہوئے دوٹوک اعلان کیا ہے کہ غزہ کبھی بھی قبضے یا سرپرستی کو قبول نہیں کرے گا۔

بیان میں حماس نے کہا کہ نیتن یاہو نسل کشی اور جبری بےدخلی کے منصوبے پر گامزن ہے اسرائیلی وزیر اعظم کا بیان مذاکرات کے عمل سےکھلی پسپائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیتن یاہو کا مقصد جنگ بندی مذاکرات کو سبوتاژ کرنا ہے نیتن یاہو اپنے ذاتی مفادات کیلئے اسرائیلی یرغمالیوں کو قربان کر رہا ہے اور انتہاپسند ایجنڈے کیلئے اسرائیلی قیدیوں کی زندگیوں سےکھیل رہا ہے۔