وزیر کا ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار، جان کیسے بچی؟

افریقی ملک مڈغاسکر کے وفاقی وزیر کا ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوکر سمندر میں گر گیا جس کے بعد وزیر نے مسلسل 12 گھنٹے تیراکی کرکے اپنی جان بچائی۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مڈغاسکر میں شعبہ پولیس کے لیے تعینات وفاقی وزیر کا ہیلی کاپٹر ایک آپریشن کے دوران سمندری حدود کی فضا میں حادثے کا شکار ہوگیا تھا، انہوں نے کئی گھنٹوں تک تیر کر ساحل پر پہنچنے میں کامیابی حاصل کی۔

وفاقی وزیر سرج گیلے کے ہیلی کاپٹر میں دو مزید پولیس اہلکار بھی موجود تھے جو حادثے میں بال بال بچ گئے۔

رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر سرج گیلے رواں برس اگست میں ہی وزیر بنے تھے۔

سرج گیلے کا اپنی ویڈیو بنانے والے افراد سے کہنا تھا کہ ان کی یہ ویڈیو خاندان، دوستوں اور حکومتی اراکین کو دکھائی جائے، ان کا مزید کہنا تھا کہ میرے مرنے کا وقت ابھی نہیں آیا ہے۔

پولیس کے سربراہ زافیسمبترا راوئاوے نے بتایا کہ سرج گیلے نے ہیلی کاپٹر کی ایک نشت کو بطور فلوٹیشن ڈیوائس استعمال کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کھیلوں میں دلچسپی ہونے کے باعث سرج گیلے نے ایک تیس سال کے لڑکے کی طرح اپنا ردھم برقرار رکھا، ان کے اعصاب فولاد کی مانند ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اگست میں بطور وزیر تعیناتی سے پہلے سرج گیلے نے تین دہائیوں تک پولیس میں سروس کی ہے، مدغاسکر کے پولیس حکام کے مطابق تاحال ہیلی کاپٹر حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔