ماہرہ خان نے کینسر کے مرض میں مبتلا بچی کی بڑی خواہش پوری کردی

کراچی: بین الاقوامی شہرتِ یافتہ پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کینسر کے مرض میں مبتلا بچی کی خواہش پوری کرنے کےلیے اُس سے ملاقات کرنے اسپتال پہنچ گئیں۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں موجود نجی اسپتال میں زیر علاج ندا نامی بچی ماہرہ خان کی بڑی مداح ہے، اُس نے اداکارہ سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا تھا جسے اسپتال انتظامیہ نے اداکارہ تک پہنچایا۔

انڈس اسپتال کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک ٹویٹ میں بتایا گیا کہ ندا کی خواہش پر ماہرہ خان نے اچانک دورہ کیا اور اُس بچی سے کافی دیر تک ملاقات کی۔

مزید پڑھیں: اداکارہ ماہرہ خان نے ایک اور عالمی اعزاز اپنے نام کرلیا

کینسر کے موذی مرض سے لڑنے والی بچی کی آرزو پوری کرنے پر اسپتال انتظامیہ اور ندا کے اہل خانہ نے ماہرہ خان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

بعد ازاں ماہرہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ندا کے ساتھ بنائی جانے والی تصویر شیئر کی جس میں وہ بچی سے محبت کا اظہار کررہی ہیں۔

اداکارہ نے تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ندا بہت ہی مضبوط لڑکی ہے مگر وہ اُس وقت کمزور پڑ جاتی ہے جب وہ اپنی ماں کو کینسر کی وجہ سے روتا ہوا دیکھتی ہے۔

ماہرہ خان نے اپنے مداحوں سے درخواست کی کہ جو شخص بھی میرا یہ پیغام پڑھ رہا ہے وہ ندا کی صحت یابی اور اُس کے خاندان کے لیے ضرور دیا کرے، اللہ اس بچی کی تمام خواہشات پوری کرے اور اسے بہت ساری خوشیوں کے ساتھ عمرِ خضر عطاء فرمائے۔