راولپنڈی: پاک فوج کے ترجمان اور ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشن (آئی ایس پی آر) میجر جنرل آصف غفور نے خبردار کیا ہے کہ اگر کوئی شخص آپ کو کال کر کے خود کو آرمی کا نمائند بتا کر بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات مانگے تو اُسے ہرگز فراہم نہ کریں۔
ملک بھر میں کچھ دنوں سے سائبر کرائم کرنے والے مجرمان کی طرف سے عام شہریوں کو بذریعہ کال بے وقوف بنانے اور اُن کے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات مانگنے کا سلسلہ جاری ہے۔
اب تک کئی ایسے کیسز سامنے آئے جس میں لوگوں سے بذریعہ ٹیلی فون اکاؤنٹ کی تفصیلات مانگی گئیں اور پھر اُس میں موجود رقم کو استعمال کرلیا گیا۔
مزید پڑھیں:سائبر کرائم سرکل کا بینک اکاؤنٹ ہیکرز کے خلاف کریک ڈاؤن، گینگ گرفتار
ملک بھر میں صارفین کو بے وقوف بناکر اکاؤنٹ کا صفایا کرنے والے گروہ کے کارندے کبھی بینک نمائندے بن کر کسی موبائل یا لینڈ لائن نمبر سے فون کر کے عام لوگوں کو بے وقوف بناتے ہیں گزشتہ ماہ یہ بھی اطلاع سامنے آئی تھی کہ کچھ لوگ پاک فوج کا نام استعمال کر کے لوگوں کے اکاؤنٹس کی تفصیلات جمع کررہے ہیں۔
Please be aware of criminals calling innocent citizens mostly impersonating as Army representatives or bank staff to obtain your banking information. Stay alert and responsible. pic.twitter.com/9xtG7n2vW0
— Asif Ghafoor (@peaceforchange) November 10, 2018
میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے خبردار کیا کہ مجرمان کا ایک گروہ خود کو پاک فوج یا بینک کا نمائندہ بنا کر اکاؤنٹ کی تفصیلات جمع کررہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایک اور بینک اکاؤنٹ ہیک، کالا باغ میں ریٹائرڈ اہل کار نشانہ
انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ ایسی کالز پر ہرگز اپنی تفصیلات کسی کو فراہم نہ کریں کیونکہ یہی آپ کی ذمہ داری ہے۔