ملائکہ اروڑا اور ارجن کپور میں علیحدگی کی افواہیں دم توڑ گئیں

ملائکہ اروڑا اور ارجن کپور میں علیحدگی کی افواہیں دم توڑ گئیں

ممبئی: بالی وڈ کی مشہور اداکار جوڑی ملائکہ اروڑا اور ارجن کپور میں پچھلے کچھ عرصے سے گردش کرتی علیحدگی کی خبریں بالآخر غلط ثابت ہوئیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ملائکہ اروڑا اور ارجن کپور کافی عرصے سے ایک ساتھ نظر نہیں آئے تھے جس کی وجہ سے جوڑے میں علیحدگی کی افواہیں گردش کرتی رہی تھیں۔

گزشتہ روز ملائکہ اروڑا اور ارجن کپور نے ایک ساتھ دوست کی شادی میں شرکت کی جہاں انہوں نے دلہا دلہن کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔

بالی وڈ اداکارہ نے شادی کی تقریب کی تصاویر انسٹاگرام پر پوسٹ کیں جس کے بعد دونوں میں بریک اپ کی افواہیں دم توڑ گئیں۔

متعلقہ: کوئی شادی کی پیشکش کرے گا تو فوراً کر لوں گی، ملائکہ اروڑا

دراصل، دسمبر 2023 میں ملائکہ اروڑا نے بھارتی ریالٹی شو ’جھلک دکھلا جا‘ میں شرکت کی تھی جہاں ان سے سوال کیا گیا تھا کہ کیا وہ 2024 میں بھی سنگل رہیں گی یا پھر شادی کر لیں گی؟

اس کے جواب میں بالی وڈ اداکارہ کا کہنا تھا کہ اگر کوئی ہے تو میں 100 فیصد اُس سے شادی کر لوں گی، میرا مطلب کوئی پیشکش کرے گا تو فوراً شادی کر لوں گی۔

ملائکہ اروڑا کے مذکورہ جواب نے بھی علیحدگی کی افواہوں کو بڑھاوا دیا تھا۔

ارباز خان اور ملائکہ اروڑا کی شادی 1998 میں ہوئی تھی اور ان کا ایک بیٹا بھی ہے۔ شادی کے چند سالوں بعد جوڑے میں اختلافات پیدا ہوئے اور دونوں میں 19 سال بعد طلاق ہوگئی تھی۔

بعدازاں، ملائکہ اروڑا نے اداکار ارجن کپور سے تعلق جوڑ کر زندگی کو آگے بڑھایا جبکہ ارباز خان نے حال ہی میں میک اپ آرٹسٹ شورہ خان سے شادی کی، لیکن اس سے قبل وہ اطالوی ماڈل جارجیا اینڈریانی کے ساتھ تعلق میں رہے۔