کولالمپور : ملائیشین خاتون نے ملازمت پر نا جانے کےلیے ڈکیتی کی جھوٹی رپورٹ درج کروا دی، جس نے پولیس اہلکاروں کی دوڑیں لگوا دیں۔
ہر جگہ ایسے افراد ضرور موجود ہوتے ہیں جو کام سے بچنے کےلیے آئے روز نت نئے بہانے اور طریقے اپنا رہے ہوتے ہیں ایسا ہی ایک واقعہ ملائیشیا کے شہر پینانگ میں پیش آیا ہے جہاں فیکڑی میں ملازمت کرنے والی خاتون نے کام پر ناجانے کیلئے جعلی مقدمہ درج کرا دیا۔
خاتون نے پولیس کو جھوٹی کہانی سناتے ہوئے کہا کہ وہ ملازمت پر جانے کی غرض سے گھر سے نکلی تو دو موٹرسائیکل سوار آئے اس سے لوٹ مار کے بعد پرس چھین کر لے گئے جس میں نقدی، موبائل، شناختی اور دیگر اہم دستاویزات تھیں۔
پولیس نے خاتون کی شکایت پر تفتیش کا آغاز کیا تو معلوم ہوا کہ ایسے ہی مقدمے اس سے قبل بھی تین دفعہ درج ہوچکے ہیں، جس کے بعد پولیس نے خاتون سے جائے وقوعہ کی شناخت کرنے کا کہا تو خاتون نے گھبراہٹ میں بتایا کہ اس نے کام پر ناجانے کےلیے ایسا کیا تھا۔