"اسرائیل نے ایران پر حملہ کیا تو” ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے خطرے کی گھنٹی بجادی

ڈاکٹرملیحہ لودھی

اسلام آباد : پاکستان کی سابق سفیر ڈاکٹر ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں جنگ ہوئی تو اس کے اثرات پاکستان پر بھی پڑیں گے، اسرائیل ایران کے خلاف ملٹری ایکشن کرے گا تو ہمارے ملک پر اثرات ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کی سابق سفیر ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام سوال یہ ہے میں ایران اسرائیل تنازع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے اسرائیل کی کارروائیوں پر ردعمل دیا ہے، ایران کاحملوں کامقصد اسرائیل کو مضبوط پیغام دینا ہے، خدشہ ہے کہ خطےمیں ایک بڑی جنگ شروع ہوجائے۔

ڈاکٹر ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ اسرائیل نےکہا ہےکہ ایران کی کارروائیوں پر جواب دے گا، اسرائیل کےعلاوہ کوئی ملک نہیں چاہتا کہ خطے میں جنگ ہو، خطےمیں جنگ امریکا اورایران کے مفاد میں نہیں۔

پاکستان کی سابق سفیر نے بتایا کہ اسرائیل چاہتا ہےایران کے خلاف جنگ میں امریکا کو شامل کیاجائے لیکن بائیڈن نے واضح طورپر کہا کہ ایران کے خلاف ایکشن میں امریکاحصہ نہیں بنےگا، اسرائیل صرف امریکا کی ہی مانتاہے، امریکی پریشر کا اثر پڑے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایرانی رہنماؤں نے کسی بھی ایکشن سےاسرائیل اور امریکا کو خبردار کیا ہے اور کہا ہے کہ اسرائیل نے حملہ کیا تو سخت جواب دیاجائے گا اور اگر امریکا شامل ہوا تو خطے میں اس کے فوجی اڈے نہیں رہیں گے۔

ڈاکڑ ملیحہ لودھی نے خبردار کیا مشرق وسطیٰ میں جنگ ہوئی تو اس کے اثرات پاکستان پر بھی پڑیں گے، اسرائیل ایران کے خلاف ملٹری ایکشن کرےگا تو ہمارے ملک پر اثرات ہوں گے اور اگر تنازع بڑھا تو معاشی لحاظ سےبھی خطے پر منفی اثرات پڑیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل کے غزہ پر حملے ہی تمام صورتحال کی جڑ ہیں، تنازع روکنا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور امریکا کے ہاتھ میں ہے، اس وقت عالمی جنگ کی کوئی صورتحال نہیں ہے، جنگ میں بہت سارے ممالک آمنے سامنے ہوتےہیں تاہم موجودہ صورتحال میں خدشہ ہے کہ جنگ خطے میں نہ پھیلے۔