لاہور: پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ملک احمد بھچر کا کہنا ہے کہ چچا، بھتیجی کو بتانا چاہتا ہوں کہ آپ کے دن گنے جاچکے ہیں۔
اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد بھچر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی چیخیں نکل رہی ہیں، مریم نواز کا بیان کہ پانچ سال سے پہلے نہیں جائیں گے، خوف کی علامت ہے۔
ملک احمد نے کہا کہ آپ نے عوام کا ووٹ چوری کیا اور فارم 47 سے آئے ہیں، آپ کو بانی پی ٹی آئی کے کیسز ختم ہونے کا ڈر ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی پر پابندی کی بات کرنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں، ہم عدالت جائیں گے اور سڑکوں پر بھی نکلیں گے۔
ملک احمد بچھر کا کہنا تھا کہ میں ان کو مسلط کرنے والوں سے بھی یہی کہوں گا کہ اس ملک پر رحم کرو۔
ان کا کہنا تھا کہ کیا آپ سمجھتی ہیں آپ کو عوام نے منتخب کیا ہے۔ آپ اداروں پرحملہ کررہی ہیں۔ سپریم کورٹ پرآپ نے فزیکل حملہ کیا۔
اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ ہمیں عمران خان کی رہائی کا ووٹ ملا ہے۔ کل بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی وہ بہت پرعزم ہیں۔ ہم 14 اگست کو جلسہ کریں گے۔ پہلا جلسہ اسلام آباد اور دوسرا لاہور میں ہوگا۔