بھارتی ریاست بہار کے شہر بھگل پور میں وزیر اعظم نریندر مودی کو موبائل فون کے ذریعے قتل کی دھمکی بھیجنے والا نوجوان گرفتار کر لیا گیا۔
انڈین میڈیا کے مطابق بہار پولیس نے بھگل پور میں مقیم نوجوان کو گرفتار کیا جس نے اپنے چچا کو پھنسنے کیلیے ان کے موبائل فون کو استعمال کیا۔
پولیس نے ملزم کی شناخت مہیشی گاؤں کے رہائشی سمیر کمار سنگھ کے نام سے ظاہر کی۔ انہوں نے بتایا کہ جب وزیر اعظم نریندر مودی ایک ریلی کیلیے بہار میں موجود تھے تو اعلیٰ عہدیدار دھمکی آمیز پیغام موصول ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: مودی کے طیارے کو بم سے اُڑانے کی دھمکی
قومی تحقیقات ادارے (این آئی اے) و دیگر ایجنسیوں نے بھگل پور پولیس چیف کو اس بارے میں آگاہ کیا جس کے بعد پولیس نے الیکٹرانک نگرانی کی مدد سے نوجوان کو ڈھونڈا۔
ڈی ایس پی چندر بھوسن نے بتایا کہ ملزم نے جرم کرنے سے پہلے 71 بار ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورک (وی پی این) کا استعمال کیا، موبائل فون کے EMI نمبر کے ذریعے نوجوان کو ٹریس کیا۔
چندر بھوسن کے مطابق دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ ملزم کا اپنے چچا کے جائیداد کا تنازع ہے، اس نے اپنے چچا کو پھنسنے کیلیے ان کے موبائل فون کے ذریعے نریندر مودی کیلیے دھمکی آمیز پیغام بھیجا۔
پولیس کو واٹس ایپ پیغامات بھی ملے ہیں جن میں دھمکی آمیز مواد موجود تھا۔ پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے مزید تفتیش شروع کر دی۔